چین کے شمال مشرقی صوبے حئی لونگ جیانگ کے شہر ہاربن میں ہاربن آئس سنو ورلڈ کافضائی منظر-(شِنہوا)
ہاربن(شِنہوا)چین کے شمال مشرقی صوبے حئی لونگ جیانگ میں واقع ‘برف کے شہر’ ہاربن نے موسم سرما کی سیاحت میں ٹکٹوں کی خرید و فروخت کے حالیہ مسائل کے ردعمل میں ٹکٹوں کی دوبارہ فروخت کے 21 مقدمات کے خلاف کریک ڈاؤن کیا ہے اور 23 مجرموں کو گرفتار کیا۔
ہاربن چین کے موسم سرما کے سرفہرست سفری مقامات میں سے ایک کے طور پر ابھرا ہے، جو دنیا بھر سے سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے۔ یہ شہر خاص طور پر ہاربن آئس سنو ورلڈ کے لئے مشہور ہے، جو دنیا کا سب سے بڑا آئس اینڈ سنو تھیم پارک ہے، اس سال کے میلے کا افتتاح 21 دسمبر کو ہوا۔
ہاربن کے محکمہ عوامی تحفظ کے مطابق ٹکٹ دوبارہ فروخت کرنے والوں نے غیر قانونی طور پر آن لائن پلیٹ فارمز سے سافٹ ویئر کے ذریعے ٹکٹ حاصل کئے اور پھر انہیں مہنگے داموں دوبارہ فروخت کیا۔
ان غیر قانونی سرگرمیوں کا مقابلہ کرنے کے لئے ادارے نے ایک خصوصی ٹاسک فورس قائم کی جس نے خفیہ اطلاعات جمع کیں اور گشت میں اضافہ کیا ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق گرفتار افراد نے پارک کے پرکشش مقامات کے لئے ٹکٹ اور ریزرویشن کوڈ دوبارہ فروخت کئے جس کی قیمتیں 20 یوآن (تقریباً 2.8 امریکی ڈالر) سے بڑھا کر 2 ہزار یوآن تک کردی گئیں۔
ہاربن کے محکمہ عوامی تحفظ نے بتایا کہ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
