مین لینڈ نے پورے آبنائے تائیوان میں نوجوانوں کے تبادلے کے فروغ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے تائیوان کی ڈیموکریٹک پروگریسو پارٹی پر زور دیا ہے کہ وہ آبنائے کے درمیان سفری پابندیاں ہٹائے-(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چینی مین لینڈ کے ترجمان نے آبنائے پار معمول کے سفر کی بحالی میں رکاوٹ ڈالنے پر تائیوان کی ڈیموکریٹک پروگریسو پارٹی(ڈی پی پی) پر تنقید کی ہے۔
سٹیٹ کونسل کے تائیوان امور کے دفتر کے ترجمان چھِن بِن ہوا کے مطابق اس اقدام نے تائیوان کے سیاحت کے شعبے کو بھی براہ راست متاثر کیا ہے۔
چھِن نے تائیوان کے سیاحت کے شعبے کی جانب سے مین لینڈ کے سیاحوں سے طویل پوچھ گچھ کے رد عمل میں ڈی پی پی پر زور دیا ہے کہ وہ آبنائے تائیوان میں ذاتی و دیگر تبادلوں اور تعاون پر عائد پابندیاں ہٹائیں۔
2020 میں ڈی پی پی حکام نے یکطرفہ طور پر آبنائے کے درمیان سفر پر پابندی کے اقدامات نافذ کرتے ہوئے مین لینڈ کے شہریوں کے تائیوان آنے پر پابندی عائد کی۔ٹریول ایجنسیوں کو مین لینڈ کے سفر کا انتظام کرنے سے بھی روکا۔
چھِن نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ سے آبنائے کے درمیان معمول کے ذاتی تبادلوں سمیت سیاحت اور دیگر شعبوں میں تبادلوں کی واضح حمایت کی ہے۔آبنائے کے دونوں جانب کے ہم وطنوں بالخصوص تائیوان کے ہم وطنوں کا مفاد اور بھلائی اسی میں ہے۔
چھِن نے کہا کہ مین لینڈ اپنے شہریوں کے تائیوان کے سفر کے لئے کوششیں اس شرط پر تیز کرے گا کہ ڈی پی پی حکام آبنائے کے درمیان تبادلوں،سفر اور تعاون پر عائد پابندیاں ہٹا دیں۔
