24 نومبر کے اسلام آباد احتجاج پربانی پی ٹی آئی عمران خان وقیادت کیخلاف راولپنڈی اسلام آباد میں درج مقدمات کی تعداد16ہوگئی۔ذرائع کے مطابق راولپنڈی کے تھانہ دھمیال،نیوٹاؤن اور واہ میں ایک ایک، صادق آباد میں دو،تھانہ ٹیکسلا میں پولیس اہلکارکے قتل سمیت تین مقدمات درج کئے گئے ہیں جن میں انسداد دہشت گردی ایکٹ،اقدام قتل اورکارسرکارمیں مداخلت سمیت دیگردفعات لگائی گئی ہیں۔
مقدمات میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی سازش اور ایماء پرغیرقانونی مجمع اکٹھا ہوا،جنہوں نے کار سرکارمیں مداخلت کی،شاہراہ عام کو بند کر کے شہری زندگی کو مفلوج کیا،ریاستی اداروں کے خلاف نعرے بازی کی۔متن میں کہا گیا ہے کہ مظاہرین نے ڈنڈوں سے مسلح ہو کر پولیس پر پتھراؤ کیا،متعدد ملزمان کو موقع سے گرفتار کر کے قبضے سے سرکاری وائرلیس، آنسو گیس شیل،ڈنڈے، گولیاں اور غلیلیں برآمد کی گئی ہیں جبکہ ملزمان کے زیراستعمال تین گاڑیاں بھی قبضے میں لی گئی ہیں۔
علاوہ ازیں اسلام آباد کے تھانہ شہزاد ٹاؤن،سہالہ،بنی گالہ،کھنہ، شمس کالونی، ترنول، نون اور تھانہ نیلورمیں بھی مقدمات درج کئے گئے ہیں جن میں بانی پی ٹی آئی،بشری بی بی، علی امین گنڈاپور،سلمان اکرم راجہ اور شیخ وقاص سمیت ہزاروں نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔
