لاہور ہائیکورٹ نے صوبائی حکومت کو سکول بسیں چلانے کے فیصلے پر عملدرآمد رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ حکم پر عمل نہ کرنیوالے سکولز کو کام نہیں کرنے دیا جائے گا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ تدارک بارے درخواستوں کی گزشتہ سماعت کا 2صفحات پر مشتمل حکم نامہ جاری کردیا۔
تحریری فیصلے میں عدالت نے حکومت پنجاب کو تعلیمی اداروں میں سکول بسیں چلانے کے عدالتی فیصلے پر عملدرآمد رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے ہوئے کہا ہے کہ موسم سرما کی تعطیلات کے بعد عدالتی حکم پر عمل نہ کرنیوالے سکولوں کو چلنے نہیں دیا جائے گا،سکولوں کو کم از کم 50فیصد بچوں کو ٹرانسپورٹ مہیا کرنا پڑے گی۔
حکم نامے میںکہا گیا ہے کہ محکمہ تحفظ ماحولیات نے بتایا ہے کہ سٹون کرشنگ پر مکمل پابندی ہے۔ حکم نامے میں محکمہ ٹرانسپورٹ کو بڑی گاڑیوں کے باقاعدگی سے معائنے اور ڈیٹا کیلئے پالیسی وضع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاگیا ہے کہ پی ایچ اے لاہور میں کونو کارپس پودے کی شجرکاری بند کر کے اس کے درخت اکھاڑے اور ان پودوں کی جگہ دیسی درخت لگائے جائیں ۔
