چیئرمین پختونخوا ملی عوامی پارٹی محمود اچکزئی نے ضمانت پر عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ 8فروری کو زر اور زور کی طاقت سے عوامی مینڈیٹ چھینا گیا، آئینی ترمیم کی منظوری کیلئے ایک ، ایک ووٹ خریدنے کیلئے 70،70 کروڑ روپے کہاں سے آئے؟
۔کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پختونخوا ملی عوامی پارٹی محمود خان اچکزئی نے کہا کہ 8فروری کے انتخابات میں زر اور زور کی طاقت سے عوامی مینڈیٹ چھینا گیا،سپیکرقومی اسمبلی سردار ایازصادق نے پیپلز پارٹی کی حمایت سے آئین کی دھجیاں اڑائیں، 26 ویں آئینی ترمیم پر چھوٹے صوبوں کے بھی تحفظات تھے۔
انہوں نے کہا کہ ایک، ایک ووٹ خریدنے کیلئے 70،70 کروڑ روپے کہاں سے آئے؟ ۔انہوں نے کہا کہ دکی میں کوئلہ کان میں مزدوروں کو قتل کیاگیا، گاڑیاں جلائی گئیں، پاکستان بحران میں ہے، خطے کے امن کو خطرہ ہے، ہمیں یہ ملک اور اس کی سالمیت عزیز ہے ۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو اچھا سمجھیں یا برا، انہیں کروڑوں لوگوں نے ووٹ دیا، انہیں ضمانت پر رہا کیا جائے۔
