چین کے مشرقی شہر شنگھائی میں چین کی 8 ویں بین الاقوامی درآمدی نمائش (سی آئی آئی ای) کے مرکزی مقام قومی نمائش اور کنونشن سنٹر (شنگھائی) میں نمائش کنندگان کے نمائندے پرچم لہرا رہے ہیں-(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین کی 8 ویں بین الاقوامی درآمدی نمائش (سی آئی آئی ای) کی تیاریاں تقریباً مکمل ہو چکی ہیں جو 5 سے 10 نومبر تک شنگھائی میں منعقد ہوگی۔
چین کے نائب وزیر تجارت شینگ چھیو پھنگ نے کہا کہ اس ایونٹ میں 155 ممالک، خطوں اور بین الاقوامی تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 4 ہزار 108 غیر ملکی نمائش کنندگان شرکت کریں گے جبکہ نمائش کا مجموعی رقبہ 4 لاکھ 30 ہزار مربع میٹر سے زائد ہوگا جو وسعت کے لحاظ سے اب تک کا نیا ریکارڈ ہے۔
ایکسپو کے دوران ہونگ چھیاؤ انٹرنیشنل اکنامک فورم بھی منعقد کیا جائے گا جس میں 33 ذیلی فورمز اور بند کمرہ اجلاس شامل ہوں گے۔ اس کے علاوہ تجارتی روابط اور سرمایہ کاری کے فروغ کے سیشنز جیسی 80 سے زائد معاون سرگرمیاں بھی ہوں گی۔
ہونگ چھیاؤ انٹرنیشنل اکنامک فورم میں عالمی وسعت رپورٹ 2025 اور عالمی وسعت انڈیکس جاری کئے جائیں گے۔ اسی دوران ایکسپو میں 461 نئی مصنوعات، ٹیکنالوجیز اور خدمات متعارف کرائی جائیں گی۔
شینگ نے بتایا کہ اس سال کے سی آئی آئی ای میں نئی موضوعاتی جہتیں متعارف کرائی جائیں گی جن میں سلور معیشت، آئس اینڈ سنو معیشت، کھیلوں کی معیشت اور آٹو موٹو سیاحت شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ڈیجیٹل اور صحت سے متعلق کھپت کے نئے پلیٹ فارمز بھی متعارف کرائے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدامات اشیاء اور خدمات کی کھپت میں اضافہ کرنے اور نئی اقسام کی کھپت کو فروغ دینے کے لئے کئے جا رہے ہیں۔
بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے میں شامل 123 ممالک کی کمپنیاں اپنی شرکت کی تصدیق کر چکی ہیں جس سے گزشتہ سال کے مقابلے میں 23.1 فیصد اضافہ ظاہر ہوتا ہے۔




