اٹلی کے شہر تورین میں منعقدہ تورین آٹو شو 2025 میں لوگ بی وائی ڈی کے نمائشی حصے کا دورہ کر رہے ہیں۔(شِنہوا)
تورین،اٹلی(شِنہوا)تورین آٹو شو کے صدر آندریا لیوی نے کہا ہے کہ چین کے کارساز یورپ میں گاڑیوں کی صنعت میں تیزی سے ایک اہم محرک قوت بنتے جا رہے ہیں۔ شِنہوا کو ایک حالیہ انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ یہ براعظم میں نئے ڈیزائن کے تصورات، مسابقتی برقی گاڑیوں کی ٹیکنالوجی اور بڑھتی ہوئی مارکیٹ موجودگی لا رہے ہیں۔
شمالی اٹلی کے شہر میں پھیلے کھلے شہری بلاکس میں منعقد ہونے والا تورین آٹو شو 2025 اٹلی کے ڈیزائن کے ورثے کو بڑھتی ہوئی بین الاقوامی نمائش کنندگان کی موجودگی کے ساتھ خوبصورتی سے جوڑتا ہے۔
اس سال شو میں پہلی بار تورین آٹوموٹو ڈیزائن ایوارڈ کا اجرا کیا گیا، جو ایک پیشہ ورانہ انعام ہے اور یورپی سرکاری سرپرستی کے ساتھ قائم کیا گیا ہے تاکہ چینی اور یورپی کار ساز اداروں کے درمیان تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔
لیوی کے مطابق 9 سرکردہ اطالوی آٹوموٹو ڈیزائن اور تحقیقاتی اداروں پر مشتمل ایک آزاد بین الاقوامی جیوری نے فاتحین کا انتخاب کیا، جن میں چھانگ آن، جیک، گیلی اور جے ٹور جیسے چینی برانڈز بھی شامل ہیں۔ لیوی نے ان ایوارڈز کو چین کی بڑھتی ہوئی ڈیزائن مہارت کا اعتراف اور چین-اٹلی صنعتی تعلقات کو مزید قریب لانے میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔
لیوی کے مطابق اس سال 17 چینی کارسازوں نے تورین میں اپنے نئے ماڈلز پیش کئے، جو کل نمائش کنندگان کا تقریباً ایک تہائی ہیں۔ ان میں بی وائی ڈی، ڈینزا، ڈونگ فینگ اور جیک جیسے برانڈز شامل ہیں، جن میں سے کئی نے اٹلی میں پہلی بار شرکت کی۔
انہوں نے بتایا کہ مثال کے طور پر بی وائی ڈی نے اپنے پریمیم ڈینزا برانڈ کو پیش کیا۔ ڈونگ فینگ نے ایک نیا سب برانڈ لانچ کیا اور زیکر نے اپنے ماڈلز کی نمائش کی۔ ان کے مطابق زیکر 001 ایف آر جیسی 800 ہارس پاور کی ہائی پرفارمنس الیکٹرک گاڑیاں اٹلی کے شائقین کے سامنے چینی برانڈز کی تکنیکی صلاحیت کو بخوبی ظاہر کرتی ہیں۔
لیوی نے مزید کہا کہ اس شو میں تقریباً 5 لاکھ افراد کی آمد متوقع ہے۔ ان کے مطابق بین الاقوامی موٹر شوز میں حصہ لینا چینی برانڈز کے لئے بہت اہم ہے۔ بہت سے یورپی صارفین چینی کاروں سے زیادہ واقف نہیں، مگر یہاں وہ اپنی آنکھوں سے ان کے ڈیزائن اور تکنیکی مہارت دیکھ سکتے ہیں۔
لیوی کا ماننا ہے کہ چینی کار ساز ادارے یورپ میں روایتی ایندھن پر چلنے والے انجن سے برقی گاڑیوں کی طرف منتقلی کو تیز کرنے کے لئے موزوں پوزیشن میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تورین آٹو شو چینی برانڈز کے یورپ میں داخلے کے لئے ایک اہم پل کا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔ ہم مزید چینی کار ساز اداروں کو نمائش میں شریک ہونے کے لئے خوش آمدید کہتے ہیں۔
