سائنسدانوں نے شِنہوا کو بتایا ہے کہ چین کی تیار کردہ 6 ہزار میٹر گہرائی تک جانے والی ریموٹ کنٹرول گاڑی’’ہائی چھن‘‘ نے جنوبی بحیرہ چین میں گہرے سمندر کا اپنا مشن کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیا ہے۔
گہرے سمندر میں چلنے والی الیکٹرک آر او وی’’ہائی چھن‘‘ کو شنگھائی جیاؤ ٹونگ یونیورسٹی نے ڈیزائن اور تیار کیا تھا۔ اس نے ہفتہ کی صبح سمندری آزمائش کےدوران4140 میٹر کی گہرائی تک غوطہ لگایا۔
اعلیٰ معیار کے کیمروں، روبوٹک بازوؤں، سونار نظام اور سینسرز سے لیس اس’ آر او وی‘ نے خودکار سمت کنٹرول اور نہایت درست معلق رہنے جیسی صلاحیتوں کا کامیاب مظاہرہ کیا ہے۔
3.6 ٹن وزنی ’ آر او وی‘ نے کامیابی کے ساتھ گہرے سمندر سے حیاتیاتی نمونے اور ذرات پر مشتمل تلچھٹ جمع کئے جو بعد میں معاون تحقیقی جہاز ’’ژونگ شان دا شُوئے‘‘ پر منتقل کر دئیےگئے۔
ایک اہم پیش رفت کے طور پر اس سفر کے دوران مکمل سمندری گہرائی تک جانے والی خودکار اور ریموٹ کنٹرول سے چلنے والی ہائی دو 1 نامی(اے آر وی) گاڑی کو بھی بیک وقت استعمال کیا گیا۔ ایسا پہلی بار ہوا کہ گہرے سمندر میں بغیر انسان کے کام کرنے والی دو مختلف آبدوزوں نے ایک ہی معاون تحقیقی جہاز کے ذریعے مربوط سائنسی سرگرمیاں انجام دی ہیں۔
شنگھائی، چین سے شِنہوا نیوز ایجنسی کے نمائندوں کی رپورٹ
