روس کے صدر ولادیمیر پوتن 3 ستمبرکو بیجنگ میں چین کی یوم فتح کی تقریبات میں شرکت کریں گے۔(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین کے نائب وزیر خارجہ ہونگ لی کہا ہے کہ روس کے صدر ولادیمیر پوتن 3 ستمبرکو بیجنگ میں چین کی یوم فتح تقریبات میں شرکت کریں گے۔
انہوں نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ روسی صدر کی ان یادگاری تقریبات میں شرکت نئے دور میں چین اور روس کے مابین اعلیٰ سطح کی ہم آہنگی پر مبنی جامع تزویراتی شراکت داری کی مزید عکاسی کرتی ہے اور دوسری جنگ عظیم میں حاصل کئے گئے فاتحانہ ثمرات کے تحفظ کے لئے ہمارے اتحاد کو نمایاں کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین اور سوویت یونین جو دوسری جنگ عظیم میں بالترتیب ایشیا اور یورپ میں اہم میدان جنگ تھے، نے 80 سال قبل عسکریت پسندی اور فسطائیت کے خلاف لڑائی میں اہم ستونوں کے طور پر کا م کیا تھا اور ان دونوں ممالک نےبڑی قومی قربا نیاں دیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے عوام شانہ بشانہ لڑے اور ایک دوسرے کی مدد کی، سنگین خطرات سے اپنی اقوام کو بچایا، انسانیت کے مستقبل کو محفوظ بنایا اور فسطائیت مخالف عالمی جنگ کی فتح میں فیصلہ کن حصہ ڈالا۔
ہانگ نے کہا کہ مئی میں چینی صدر شی جن پھنگ نے روس کا سرکاری دورہ کیا تھا اور ماسکو میں سوویت یونین کی عظیم محب وطن جنگ کی فتح کی 80 ویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کی، جہاں دونوں ممالک کے صدور نے کئی اہم معاہدے طے کئے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں صدور نے مشترکہ طور پر یہ پیغام دیا کہ دوسری جنگ عظیم کا تاریخی سچ بُھلایا نہیں جا سکتا، اس کے فاتحانہ نتائج سے انکار نہیں کیا جا سکتا اور جنگ کے بعد کے بین الاقوامی نظام کو چیلنج نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ اس سال اقوام متحدہ کے قیام کی بھی 80 ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے، آج کی دنیا کو تبدیلی اور بے نظمی کا سامنا ہے۔ اس تناظر میں چین اور روس اقوام متحدہ کے بانی ارکان اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل ارکان کے طور پر اقوام متحدہ کے اختیار کو برقرار رکھنے اور بین الاقوامی عدل و انصاف کے دفاع کے لئے کوششیں جاری رکھیں گے۔
