لاہور: وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ سیلابی پانی کو ذخیرہ کرنے کے لیے انفرااسٹرکچر بنانا بہت ضروری ہے، ہمیں سیاست سے بالاتر ہوکر عوام کی بہتری کے لیے فیصلے کرنے چاہئیں، ہمارے لیے ہر جان انتہائی قیمتی ہے، لوگ احتیاطی تدابیر اختیار کریں، ہماری بھرپور امدادی اور ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں۔
دریائے راوی کے قریب شاہدرہ کے دورے کے موقع پر وزیر اعلی پنجاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں بارشوں کے بعد ڈیموں میں پانی کا لیول بھر گیا تو انہوں نے اپنے ڈیمز کے اسپل ویز کھولے، جس سے ہمارے دریاں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوئی، پنجاب کے 3 دریاوں میں سیلابی صورتحال ہے، پنجاب میں بارشیں بھی بہت زیادہ ہوئی ہیں، نارووال، گجرات، سیالکوٹ میں صورتحال بہت خراب ہے، تمام متعلقہ اداروں سے آئندہ سال کے لیے سیلاب سے بچا اور نقصانات سے بچنے کے لیے منصوبہ طلب کرلیا ہے۔
وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ ہم اپنے متاثرہ عوام کے ہر قسم کے نقصان کا ازالہ کریں گے، میں نے راوی میں کبھی اتنا پانی نہیں دیکھا، پانی کو ذخیرہ کرنے کے لیے انفرااسٹرکچر بنانا بہت ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس چیز پر کام کر رہے ہیں کہ سیلابی پانی کو کس طرح ذخیرہ کیا جاسکتا ہے، اب پانی کا بہا وکم ہونا شروع ہو رہا ہے ۔
