چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے توقع ظاہر کی ہے کہ تھائی لینڈ اور کمبوڈیا اپنا تنازع مذاکرات کے ذریعے حل کرلیں گے-(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ چین غیر جانبدار اور منصفانہ موقف برقرار رکھے گا اور کمبوڈیا اور تھائی لینڈ کے ساتھ قریبی رابطے جاری رکھے گا، امن مذاکرات کو فعال طور پر فروغ دے گا اور جنگ بندی کے لئے تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔
ذرائع ابلاغ کی اطلاعات کے مطابق اگرچہ دونوں ممالک کی سرحد پر جھڑپیں اب بھی جاری ہیں تاہم بین الاقوامی کوششوں کے بعد کمبوڈیا اور تھائی لینڈ نے کشیدگی ختم کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔
ترجمان نے چین کے موقف کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال پر کہا کہ کمبوڈیا اور تھائی لینڈ ہمیشہ سے ایک دوسرے کے ہمسایہ ہیں اور رہیں گے اور یہ دونوں ممالک چین کے بھی دوست اور ہمسائے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ ہمسائیگی کے اچھے تعلقات اور باہمی اعتماد کو قائم رکھنا اور اختلافات کو مناسب طریقے سے حل کرنا دونوں ممالک کے بنیادی اور طویل مدتی مفاد میں ہے اور یہ پورے خطے میں امن اور استحکام کے لئے ضروری ہے۔
ترجمان نے یہ بھی کہا کہ چین دونوں جانب ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کرتا ہے اور متاثرہ افراد سے دلی ہمدردی رکھتا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ چین کو امید ہے کہ دونوں فریق اپنے عوام کے مفادات کو مدنظر رکھیں گے، امن اور اچھے تعلقات کی قدر کریں گے، تحمل اور برداشت کا مظاہرہ کریں گے، جلد از جلد جنگ بندی کریں گے اور مذاکرات اور مشاورت کے ذریعے پرامن طور پر اختلافات کو حل کریں گے تاکہ سرحدی علاقوں میں جلد از جلد امن و استحکام بحال ہو سکے۔
ترجمان نے کہا کہ کمبوڈیا اور تھائی لینڈ جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم (آسیان) کے اہم رکن ممالک ہیں اور آسیان کئی دنوں سے جنگ بندی کے لئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔ چین ان کوششوں کو سراہتا ہے اور ان تمام اقدامات کا خیرمقدم کرتا ہے جو کشیدگی میں کمی لانے میں مددگار ہوں۔
