امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایک پریس کانفرنس میں شریک ہیں- (شِنہوا)
لندن(شِنہوا)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور یورپی کمیشن کی صدر ارسولا وان ڈیر لیین نے دعویٰ کیا کہ ان کے درمیان ایک تجارتی معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے تحت امریکہ یورپی یونین (ای یو) کی مصنوعات پر 15 فیصد بنیادی محصول عائد کرے گا۔
یہ اعلان سکاٹ لینڈ کے جنوبی آئرشائر میں واقع ٹرمپ ٹرن بیری میں ہونے والے تجارتی مذاکرات کے بعد ایک مشترکہ پریس بریفنگ میں کیا گیا۔
معاہدے میں دوا ساز مصنوعات کو شامل نہیں کیا گیا جبکہ یورپی یونین کی سٹیل اور ایلومینیئم کی امریکہ کو برآمدات پر عائد موجودہ 50 فیصد محصولات برقرار رہیں گے۔
اگرچہ دونوں رہنماؤں نے اس معاہدے کو "تجارتی توازن” بحال کرنے اور دو طرفہ تجارت کو زیادہ منصفانہ بنانے کی جانب ایک قدم قرار دیا ہے لیکن اس معاہدے کے تحت امریکہ کو یورپی یونین کی مصنوعات پر وسیع پیمانے پر 15 فیصد محصول لگانے کی اجازت دی گئی ہے جبکہ کئی اہم امریکی مصنوعات کو یورپی منڈی میں بغیر کسی محصولات کے رسائی دی گئی ہے۔ اس کے برعکس یورپی یونین نے 750 ارب امریکی ڈالر مالیت کی امریکی توانائی خریدنے اور امریکہ میں مزید 600 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کا وعدہ کیا ہے۔
پریس بریفنگ کے دوران ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ یہ معاہدہ امریکی گاڑیوں کو یورپی منڈی تک رسائی کے قابل بنائے گا اور یورپی یونین میں امریکی زرعی برآمدات کو مزید قابل رسائی بنائے گا۔
