نئی دہلی: سابق بھارتی وزیرداخلہ پی چدم برم نے پہلگام حملے کے حوالے سے پاکستان کو کلین چٹ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پہلگام واقعے میں پاکستان کے ملوث ہونے کا کوئی ثبوت موجود نہیں، حملہ آور دراصل بھارتی شہری تھے ، انہوں نے بھارت کے اندر ہی دہشتگردی کی تربیت حاصل کی۔
پی چدم برم نے ایک انٹرویو میں سوال اٹھایا کہ حکومت کے پاس کیا ثبوت ہے کہ حملہ آور پاکستان سے آئے تھے؟،کیا نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی(این آئی اے) نے حملہ آوروں کی شناخت کی؟ وہ کہاں سے آئے؟ ہو سکتا ہے وہ ملک کے اندر سے ہوں، یہ کیوں مان لیا گیا ہے کہ وہ پاکستان سے آئے؟ اس کا کوئی ثبوت تو موجود نہیں۔
چدم برم نے کہاکہ جنگ میں دونوں طرف نقصانات ہوتے ہیں، اگر بھارت کو نقصان پہنچا ہے تو اسے تسلیم کریں، چرچل نے بھی دوسری جنگ عظیم میں مسلسل عوام کو صورتِ حال سے آگاہ رکھا۔ چدمبرم نے سوال اٹھایا کہ وزیراعظم مودی نے اس اہم معاملے پر پارلیمنٹ میں براہ راست بات کیوں نہیں کی۔
انہوں نے کہاکہ وزیراعظم جلسوں میں خطاب کرتے ہیں، مگر پارلیمنٹ جیسے جمہوری ادارے میں خاموش ہیں، آخر حکومت جنگ بندی کے عمل پر بات کرنے سے کیوں گھبرا رہی ہے؟ کیونکہ سچ یہ ہے کہ جنگ بندی کا اعلان بھارت نے نہیں بلکہ ڈونلڈ ٹرمپ نے کیا تھا۔ انہوں نے حکومت پر یہ الزام بھی عائد کیا کہ وہ آپریشن سندور کے دوران ہونے والے نقصانات کو چھپا رہی ہے۔
