کینیا کے دارالحکومت نیروبی میں لوگ پاور اینڈ انرجی افریقہ ایکسپو میں شمسی مصنوعات فروخت کرنے والی کمپنی کا بوتھ دیکھ رہےہیں-(شِنہوا)
نیروبی(شِنہوا)کینیا کے دارالحکومت نیروبی میں پاور اینڈ انرجی افریقہ 2025 کی 12ویں نمائش میں چین کی شمسی مصنوعات توجہ کا خاص مرکز بنی رہیں۔ یہ نمائش جمعرات سے ہفتے تک جاری رہی۔
سرد موسم کے حوالے سے مشہور پہاڑی علاقے ماؤنٹ کینیا میں مقیم 41 سالہ سولر تاجر الیجاہ کائرو نے نمائش کے بارے میں اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔ کائرو نے شِنہوا کو بتایا کہ مجھے چینی سولر واٹر ہیٹرز بہت متاثرکن لگے جو بالخصوص سردیوں میں نہانے کے لئے سورج کی روشنی کو موثر طریقے سے گرم پانی میں تبدیل کرتے ہیں۔
کائرو جیانگسو میکوئے سولر انرجی کمپنی کے بوتھ پر گئے جس نے نیشنل گرڈ کی بجلی یا گیس کُکرز کے قابل عمل متبادل کے طور پر جدید شمسی ہیٹرز نمائش میں پیش کئے۔
چینی کمپنی کے جنرل سیلز ڈائریکٹر ژو شوائی شوائی نے کہا کہ ان کی کمپنی نے ایسے شمسی آلات تیار کئے ہیں جو سرد موسموں اور کم دھوپ والے علاقوں کے لئے خاص طور پر موزوں ہیں۔
3 روزہ نمائش میں 25 سے زائد ممالک سے آئے 150 سے زیادہ نمائش کنندگان نے شرکت کرتے ہوئے قابل تجدید توانائی کی مصنوعات اور ٹیکنالوجیز پیش کیں۔
ژے جیانگ فل ول الیکٹرک کمپنی کی جنرل منیجر سکارلٹ چھن نے کہا کہ چین کے تیار کردہ سولر آلات افریقی کسانوں کو ان کے کھیتوں میں پانی کے وسائل پر زیادہ کنٹرول فراہم کرتے ہیں۔
نمائش کے منتظم ایکسپو گروپ کے مشرقی افریقہ کے ریجنل ڈائریکٹر ڈنکن نجاگی نے کہا کہ چینی نمائش کنندگان اس لئے مقبول ہیں کیونکہ وہ افریقی صارفین کی مخصوص ضروریات کو بہتر طریقے سے پورا کرتے ہیں۔
