چینی وزیراعظم لی چھیانگ ایشیائی انفراسٹرکچر ڈیویلپمنٹ بینک (اے آئی آئی بی) کے بورڈ آف گورنرز کے 10 ویں سالانہ اجلاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے ہیں-(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چینی وزیراعظم لی چھیانگ نے ریاستی کونسل کے ایک اجلاس کی صدارت کی، جس میں قومی سائنس و ٹیکنالوجی کانفرنس میں پیش کئے گئے اقدامات سے متعلق پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں عوامی خدمات کی موثر فراہمی کے لئے اقدامات کے بارے میں بھی بتایاگیا۔
ایگزیکٹو اجلاس کے مطابق گزشتہ سال منعقدہ قومی سائنس و ٹیکنالوجی کانفرنس کے بعد سے متعلقہ حکام اور مقامی حکومتوں نے سائنس و ٹیکنالوجی میں اصلاحات اور ترقی سے متعلق ذمہ داریوں پر موثر عملدرآمد کے لئے سنجیدہ کوششیں کی ہیں جس کے نتیجے میں چین کی ٹیکنالوجی کی صلاحیت کو نمایاں طور پر فروغ ملا ہے۔
اجلاس میں آئندہ کے مرحلوں کے لئے اس بات پر زور دیا گیا کہ اہم ٹیکنالوجیز میں پیشرفت کو تیز کیا جائے، ٹیکنالوجی سے حاصل شدہ کامیابیوں کو پیداواری عمل میں منتقل کیا جائے اور جدت میں کاروباری اداروں کے کردار کو مزید مستحکم کیا جائے۔
عوامی خدمات کے حوالے سے اجلاس میں بینکاری، صحت کی دیکھ بھال اور ٹیلی کمیونیکیشن سروسز کے انضمام پر زور دیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے وسیع تر استعمال اور انتظامی خدمات کے لئے ایک متحدہ قومی پلیٹ فارم کے قیام کی بھی سفارش کی گئی۔
اجلاس میں دیہی سڑکوں کی ترقی سے متعلق ضابطے کے مسودہ کا بھی جائزہ لیا گیا اور اس کی منظوری دی گئی۔ فیصلہ کیا گیا کہ دیہی سڑکوں کی معیاری ترقی کو ایک اہم ترجیح بنائے رکھا جائے جبکہ وہ سڑکیں جو موجودہ معیار پر پورا نہیں اترتیں انہیں جلد از جلد بہتر بنایا جائے۔
