انڈونیشیا میں جکارتہ- بانڈونگ تیز رفتار ریل میں ایک خاتون مسافر اپنے بچے کو گود میں لئے سفر کررہی ہے-(شِنہوا)
جکارتہ(شِنہوا)انڈونیشیا کی جکارتہ-بانڈونگ تیز رفتار ریل، جسے "ووش” کے نام سے جانا جاتا ہے، نے ایک دن میں 25,794 مسافروں کے ساتھ ایک نیا سنگ میل عبور کیا ہے جو کہ اکتوبر 2023 میں اپنے آغاز کے بعد سے اب تک کی سب سے زیادہ یومیہ سواری ہے۔
اس ریکارڈ کا اعلان اس ریلوے کو تعمیر اور چلانے والے انڈونیشیا اور چینی کمپنیوں کے مشترکہ منصوبے پی ٹی کریتا سیپات انڈونیشیا چائنہ (کے سی آئی سی) نے کیا۔
کے سی آئی سی کی جنرل منیجر کارپوریٹ سیکرٹری ایوا چیئرونیسہ نے شِنہوا کو ایک تحریری بیان میں بتایا کہ مسافروں کی تعداد میں یہ نمایاں اضافہ طویل چھٹیوں اور سکول کی تعطیلات کے باعث ہوا ہے لیکن یہ بھی واضح ہے کہ عوام کی جانب سے ووش کو اپنی پسندیدہ سفری سہولت کے طور پر اپنانے کا جوش و خروش ٹکٹوں کی خریداری میں اضافے سے ظاہر ہوتا ہے۔
جمعہ کی صبح تک پی ٹی کے سی آئی سی پہلے ہی دن کی روانگیوں کے لئے 16ہزار سے زائد ٹکٹ فروخت کر چکی تھی اور توقع ظاہر کی گئی کہ یومیہ مسافروں کی تعداد 24ہزار سے تجاوز کر جائے گی۔
مسافروں کے سفری تجربے کو مزید خوشگوار بنانے کے لئے ووش کی جانب سے بچوں کے لئے 1,000 مفت تحائف اور خوش نصیب مسافروں کے لئے 500 واؤچرز بھی تقسیم کئے گئے۔
ایوا نے مزید کہاکہ سکول کی تعطیلات اور طویل ویک اینڈ بہت سے خاندانوں کے لئے ایک خاص موقع ہوتاہے کہ وہ مل کر سفر کریں۔ ہم امید کرتے ہیں کہ ووش تمام مسافروں کے لئے ایک خوشگوار اور یادگار تعطیلاتی تجربے کا حصہ بنتا رہے گا۔
