غزہ کی پٹی کے جبالیہ پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی فضائی حملے کے بعد ایک شخص زخمی بچی کو مدد کے لئے لے جارہا ہے-(شِنہوا)
غزہ (شِنہوا)غزہ میں صحت کے حکام نے بتایا ہے کہ 7 اکتوبر 2023 کو حماس اور اسرائیل کے درمیان تنازع شروع ہونے کے بعد سے غزہ میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 54 ہزارسے زائد ہوگئی۔
صحت کے حکام نے ایک پریس بیان میں بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹے میں غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں پر اسرائیلی حملوں میں 79 فلسطینی جاں بحق اور 163 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ اس میں شمالی غزہ گورنریٹ کے ہسپتال کے اعدادوشمار شامل نہیں ہیں کیونکہ ان تک رسائی مشکل ہے۔
حکام نے مزید بتایا کہ مرنے والوں اور زخمیوں کی ایک بڑی تعداد تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے تلے یا گلیوں میں پھنسی ہوئی ہے کیونکہ مسلسل گولہ باری اور محفوظ راستوں کی عدم موجودگی ایمبولینسوں اور شہری دفاع کے عملے کے کام میں رکاوٹ بن رہی ہے۔
18مارچ کو اسرائیل نے اپنی شدید فوجی مہم دوبارہ شروع کی تھی جس کے بعد سے اب تک کم از کم 3 ہزار901 فلسطینی شہید اور 11 ہزار88 زخمی ہوچکے ہیں جس سے اکتوبر 2023 میں جنگ شروع ہونے کے بعد سے غزہ میں مرنے والوں کی مجموعی تعداد 54 ہزار 56 ہوچکی ہے جبکہ مجموعی طورپر ایک لاکھ23ہزار129 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
غزہ کی پٹی کو انسانی ہمدردی کے سنگین حالات کا سامنا ہے جس میں سکیورٹی کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور جاری فوجی کارروائیاں شامل ہیں جو امدادی کوششوں اور متاثرہ آبادی تک رسائی میں رکاوٹ بن رہی ہیں۔
