چین کے جنوبی صوبے گوانگ ڈونگ کے شہر گوانگ ژو میں 137 ویں چائنہ درآمدی و برآمدی میلے میں ایک غیر ملکی خریدار چینی مٹی کے برتن دیکھ رہا ہے۔ (شِنہوا)
گوانگ ژو (شِنہوا) 137 ویں چین درآمدی و برآمدی میلے،جسے کینٹن میلہ بھی کہا جاتا ہے، کے دوسرے مرحلے کے اختتام تک 219 ممالک اور خطوں سے مجموعی طور پر 2 لاکھ 24 ہزار 372 غیر ملکی خریداروں نے شرکت کی تھی۔ میلے کا دوسرا مرحلہ اتوار کو ختم ہوا ہے۔
چین کے غیرملکی تجارت کے مرکز کے مطابق بدھ سے شروع ہونے والے دوسرے مرحلے میں معیاری گھریلو سجاوٹ پر توجہ مرکوز کی گئی تھی۔ اس مرحلے کا مجموعی نمائشی رقبہ 5 لاکھ 15 ہزار مربع میٹرتھا جس میں 24 ہزار 735 بوتھ تھے جبکہ نمائش کنندگان کی تعداد 10 ہزار 313 تھی جو گزشتہ میلے کے مقابلے میں 273 زائد تھے۔
چین کے جنوبی شہر گوانگ ژو میں 15 اپریل سے 5 مئی تک منعقد ہونے والے اس میلے کا یہ ایڈیشن 3 موضوعاتی مراحل میں منعقد کیا جارہا ہے۔ پہلے مرحلہ میں جدید پیداواری، دوسرے مرحلے میں معیاری گھریلو سجاوٹ اور تیسرے مرحلے میں ایسی مصنوعات پر توجہ مرکوز کی گئی ہے جو بہتر معیار زندگی کو فروغ دیتی ہیں۔
