چین کے شمال مغربی صوبے چھنگ ہائی کے علاقے شی ننگ میں واقع چھنگ ہائی کالج آف آرکیٹیکچرل ٹیکنالوجی میں منعقدہ کیمپس روزگار میلے میں ایک طالبہ (بائیں) ایک آجر سے بات چیت کررہی ہے۔ (شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین روزگار اور معاشی کارکردگی کو مستحکم رکھنے اور اعلیٰ معیار کی ترقی کے فروغ کے لئے اقدامات متعارف کرائے گا۔
قومی ترقی اور اصلاحات کمیشن کے نائب سربراہ ژاؤ چھن شین نے پیر کے روز ایک پریس کانفرنس میں 5 اہم شعبوں میں نئے اقدامات کی تفصیلات بتائیں جن میں روزگار میں تعاون، بیرونی تجارت میں استحکام، کھپت کا فروغ، موثر سرمایہ کاری کو وسیع کرنا اور ترقی کے لئے ایک سازگار ماحول کا فروغ شامل ہے۔
ژاؤ کے مطابق روزگار کے حوالے سے حکومت کاروباری اداروں کی حوصلہ افزائی کرے گی تا کہ وہ عملے کی مستحکم سطح کو برقرار رکھیں، پیشہ ورانہ مہارتوں کی تربیت کو تیز ، ورک- ریلیف پروگراموں کو وسعت دیں اور عوامی روزگار کی خدمات کو مضبوط بنائیں۔
بیرونی تجارت کے فروغ سے متعلق اہم اقدامات میں برآمدی اداروں کو خطرات کم کرنے میں مدد کے لئے موزوں پالیسیاں متعارف کرانا، خدمات کی مصنوعات کی عالمی موجودگی میں اضافہ اور غیر ملکی سرمایہ کار اداروں کی چین میں دوبارہ سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرنا شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ صارفین میں خدمات کی کھپت کو بڑھانے، معذور بزرگ شہریوں کی نگہداشت کی خدمات کو بہتر بنانے، گاڑیوں کی فروخت تیز کرنے اور مہارت پر مبنی اجرت کی ادائیگی کا نظام قائم کرنے سے متعلق اقدامات کا اعلان کیا جائے گا۔
