چین کے دارالحکومت بیجنگ میں ژونگ گوان چھون فورم سالانہ کانفرنس 2025 میں لوگ بائیو نک انسان نما روبوٹ دیکھ رہے ہیں۔(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)بیجنگ میں ژونگ گوان چھون فورم 2025 کے متوازی فورم نے ایک منصوبہ پیش کیا ہے جس میں پائیدار ترقی کو تیز کرنے اور عالمی چیلنجز سے نمٹنے کی غرض سے ڈیجیٹل سائنس اور ٹیکنالوجی کے استعمال کے لئے عالمی سطح پر تعاون پر زور دیا گیا ہے۔
بین الاقوامی تنظیموں کے تقریباً 200 نمائندوں کے ساتھ ساتھ ملکی اور غیر ملکی ماہرین نے پائیدار ترقی کی سائنسز کے حوالے سے بین الاقوامی فورم میں شرکت کی جو یونسکو کے "پائیدار ترقی کے لئے سائنسز کی عالمی دہائی (2024-2033)” کی سرگرمیوں میں سے ایک ہے۔
فورم میں پائیدار ترقی کے لئے جاری کردہ بیجنگ انیشی ایٹو برائے ڈیجیٹل سائنس اور ٹیکنالوجی کے اہم مقاصد کی وضاحت کی گئی۔ ان میں پائیدار ترقی میں ڈیجیٹل سائنس اور ٹیکنالوجی کی اختراعی ایپلیکیشنز کو فروغ دینا اور بگ ڈیٹا، مصنوعی ذہانت، خلائی ٹیکنالوجی اور مربوط آلات کے استعمال کو بڑھانا شامل ہے۔ اس کا مقصد حیاتیاتی تنوع کے تحفظ، موسمیاتی تبدیلی، قدرتی آفات سے بچاؤ اور غربت کے خاتمے جیسے چیلنجز سے نمٹنا ہے۔
اس اقدام میں توانائی کی کارکردگی کو بہتر بنانے، کاربن کا اخراج کم کرنے اور قدرتی وسائل کے انتظام کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لئے ڈیجیٹل آلات کی ترقی پر زور دیا گیا ہے۔
