وزیراعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے لائیو سٹاک مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کا افتتاح کرتے ہوئے کہا ہے کہ جدید ڈیجیٹل نظام کسانوں کو براہ راست فائدہ پہنچانے، بااختیار بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔
ذرائع کے مطابق ہفتے کو لائیو سٹاک مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کی افتتاحی تقریب میں وزیراعلی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ایل ایم آئی ایس کے تحت ٹول فری لائیو سٹاک ہیلپ لائن قائم ہوگی، کسان براہ راست ماہرین سے رہنمائی حاصل کر سکیں گے، مویشیوں کی ویکسینیشن، علاج اور افزائش نسل کی سروسز کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ ہوگی۔
وزیراعلی کو بتایا گیا کہ ایل ایم آئی ایس سے لائیو سٹاک سروس ڈیلیوری مرکزی ڈیجیٹل نظام سے منسلک ہوگی، کسان، ویٹرنری ہسپتال، موبائل کلینکس اور فیلڈ اسٹاف ایک ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر یکجا ہوں گے، پہلی بار جیو ٹیگڈ فارمر اور لائیو سٹاک کا ڈیٹا بیس تیار ہوگا۔
سہیل آفریدی کو آگاہ کیا گیا کہ نسل، عمر اور جنس پر مبنی ریکارڈ اور ادویات و ویکسین کی خریداری کی نگرانی ڈیجیٹل ہوگی، جانوروں کی شناخت کیو آر کوڈ کے ذریعے ہوگی، بیماریوں کی نشاندہی کیلئے ریئل ٹائم نگرانی کا نظام فعال ہوگا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ لائیو اسٹاک دیہی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، اسے جدید ڈیجیٹل نظام سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے، جدید ڈیجیٹل نظام کسانوں کو براہ راست فائدہ پہنچانے اور انہیں بااختیار بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ایل ایم آئی ایس سے لائیو اسٹاک سروس ڈیلیوری میں شفافیت، جوابدہی اور بہتر گورننس یقینی ہوگی یہ سیکٹر میں اصلاحات کے نئے دور کا آغاز ہے۔




