اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نیویارک میں اقوام متحدہ کے صدر دفتر میں سلامتی کونسل چیمبر کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے ہیں-(شِنہوا)
اقوام متحدہ(شِنہوا)اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے امریکہ پر زور دیا ہے کہ وہ غیر ملکی امداد روکنے کے اپنے وسیع حکم نامے میں ضروری امداد کی فراہمی کو مستثنیٰ قرار دے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے ایک بیان میں کہا کہ گوتریس نے امریکہ کی طرف سے غیر ملکی امداد روکنے کے اعلان پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان اسٹیفن دوجارک نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سربراہ نے مطالبہ کیا ہے کہ دنیا بھر میں سب سے زیادہ کمزور برادریوں کے لئے اہم ترقیاتی اور انسانی سرگرمیوں کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے اضافی استثنیٰ پر غور کیا جائے۔
ترجمان نے کہا کہ انتونیو گوتریس ترقی پذیر دنیا کو درپیش مشکل ترین چیلنجز سے نبردآزما لوگوں کو انتہائی ضروری ترقیاتی امداد کی فراہمی کے لئے نئی امریکی انتظامیہ کے ساتھ بات چیت کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ امداد فراہم کرنے والے سب سے بڑے ممالک میں سے ایک ہے اور یہ ضروری ہے کہ ہم مشترکہ طور پر آگے بڑھنے کے لئے تعمیری طور پر کام کریں۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے محکمہ خارجہ کی موجودہ غیر ملکی گرانٹس کے تحت تقریباً تمام امداد کو مکمل طور پر روکنے کا حکم دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق روبیو کی ہدایت پر فوری طور پر عملدرآمد کیا جائےگا اور یہ 90 دنوں کے لئے نافذ العمل ہوگا جس کے تحت محکمہ خارجہ کے عملے کو تمام موجودہ غیر ملکی امداد پر کام روکنے کے احکامات جاری کرنا ہوں گے۔
