چین، مشرقی صوبے شان ڈونگ کے شہر ژاؤ ژوانگ کے ایک پرائمری اسکول میں قائم امتحانی مرکز کے باہر ایک خاتون پوسٹ گریجویٹ داخلہ امتحان کے لئے مطالعہ کر رہی ہے۔ (شِنہوا)
بیجنگ (شِنہوا) چین میں 2025 کے سرکاری ملازمین کی بھرتی کے لئے 34 لاکھ 10 ہزار سے زائد امیدواروں نے اہلیت کے امتحان میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔
قومی شہری ملازمین انتظامیہ کے مطابق ایک اسامی کے لئے تقریباً 86 امیدواروں میں مقابلہ ہوگا۔
اہل امیدوار یکم دسمبر کو قومی تحریری امتحان میں شرکت کریں گے تاہم اس سے قبل انہیں یکم نومبر سے 6 نومبر کے درمیان بھرتی ویب سائٹ پر اپنے اندراج کی تصدیق کرکے فیس کی ادائیگی کرنا ہوگی۔
انتظامیہ کے مطابق تحریری امتحان کے علاوہ، مخصوص عہدوں کے امیدواروں کو اضافی پیشہ ورانہ مہارت کا امتحان دینا ہوگا۔
مرکزی حکومتی محکموں اور اس کے ماتحت اداروں میں خالی اسامیوں کی تعداد 39 ہزار 700 ہے جن پر 2025 کے دوران بھرتی کی جائے گی۔
