لاہور: بھارتی آبی جارحیت کے باعث کرتارپور کے قریب دریائے راوی کا حفاظتی بند ٹوٹنے سے سکھوں کا گردوارہ 7فٹ پانی میں ڈوب گیا۔ حکام کے مطابق بھارت کی جانب سے پانی چھوڑنے کے بعد دریائے ستلج، راوی اور چناب میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو ہوگئی ہے۔
دریائے راوی میں جسڑ کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے جہاں پانی کا بہائو 2لاکھ 29ہزار700 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے ۔کرتارپور کے قریب دریائے راوی کا حفاظتی بند ٹوٹنے سے پانی گردوارے میں داخل ہوگیا جس سے سکھوں کی عبادت گاہ کو شدید نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے۔
ذرائع کے مطابق گردوارے میں 5 سے 7 فٹ تک پانی موجود ہے۔ پانی کے تیز بہائو کے باعث نارووال شکرگڑھ روڈ ٹریفک کیلئے بند کردی گئی ہے۔
حکام کے مطابق دریائے راوی میں شکر گڑھ بھیکو چک کے مقام پر بند میں شگاف سے متعدد دیہات بھی زیر آب آگئے ہیں جہاں سے لوگوں کی نقل مکانی جاری ہے۔ حکام کے مطابق صورتحال کے پیش نظر سول ڈیفنس نے الرٹ جاری کر دیاہے۔
