سربیا کے علاقے پوزاریوَیک میں سربیا کے صدر الیگزینڈر وُوچچ (درمیان میں، بائیں) چین کے تعاون سے تعمیر کی جانے والی شاہراہ (ڈینیوب راہداری) کا سنگ بنیاد رکھنےکی تقریب میں شریک ہیں-(شِنہوا)
گولوباک،سربیا(شِنہوا)سربیا کے صدر الیگزینڈر وُوچچ نے مشرقی سربیا میں چین کی کمپنی کے زیر تعمیر ڈینیوب راہداری ایکسپریس وے کا معائنہ کرتے ہوئے چینی تعمیراتی ٹیموں کی تعریف کی اور اس اہم بنیادی شہری سہولت کے منصوبے میں تیز رفتار پیشرفت کو سراہا۔
صدر وُوچچ نے گولوباک کی بلدیہ میں سڑک کے دورے کے موقع پر کہا کہ میں آج یہاں آکر بہت خوش ہوں۔ ہم چند ہی مہینوں میں اس پوری سڑک کی تعمیر مکمل کرنے کے قریب پہنچ چکے ہیں۔
68 کلومیٹر طویل ڈینیوب راہداری مشرقی سربیا کے برانیچیوو ضلع کو دارالحکومت بلغراد اور بین الاقوامی ای 75 ہائی وے سے جوڑتی ہے۔ یہ ایک تزویراتی بنیادی شہری سہولت کامنصوبہ ہے جس کا مقصد اقتصادی ترقی اور رابطے کو فروغ دینا ہے۔
یہ منصوبہ چائنہ شان ڈونگ انٹرنیشنل اکنامک اینڈ ٹیکنیکل کوآپریشن گروپ لمیٹڈ (سی ایس آئی) کے ذریعے تعمیر کیا جا رہا ہے، جس میں سربیا کے ذیلی ٹھیکیداروں کی معاونت شامل ہے۔ منصوبے کی کل مالیت تقریباً 33کروڑ 70لاکھ یورو (39کروڑ 60 لاکھ امریکی ڈالر) بتائی گئی ہے۔
وُوچچ نے کہا کہ ہمارے ملک کی ترقی کے لئے سب سے اہم منصوبوں میں سے یہ ایک اہم منصوبہ ہے۔ جو اس خطے کی صلاحیت کو اجاگر کرے گا، نقل وحمل کو بہتر بنائے گا اور خاص طور پر سلور لیک جیسے مقامات پرسیاحت کو فروغ دے گا۔
سربیا میں چین کے سفیر لی مِنگ نے کہا کہ ہم جتنا ہر کلومیٹر مکمل کرتے ہیں، اتنا ہی ہم اپنے دونوں ممالک کے مشترکہ اہداف کے قریب پہنچتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین سربیا کے ساتھ طویل مدتی تعاون کے لئے مکمل طور پر پُرعزم ہے۔
