کمبوڈیا کے اودار مینچی صوبے میں تھائی لینڈ-کمبوڈیا سرحدی علاقے سے مقامی رہائشی نقل مکانی کررہے ہیں-(شِنہوا)
بینکاک/نوم پنہ (شِنہوا) تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان سرحدی جھڑپیں اتوار کو چوتھے روز میں داخل ہوگئیں۔
تھائی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق تھائی فوج کے نائب ترجمان ریچا سوکسوانون نے کہا کہ کمبوڈیا کی جانب سے کئی تھائی علاقوں پر فائرنگ کی گئی ،جن میں ایک عام شہری کا گھر بھی شامل ہے۔
دوسری جانب کمبوڈین وزارت دفاع کی انڈر سیکرٹری آف سٹیٹ اور ترجمان لیفٹیننٹ جنرل مالی سوچیتا نے کہا کہ اتوار کو مقامی وقت کے مطابق صبح 2 بجے سے 6 بجے تک تھائی فوج نے پریاہ ویہیر اور اودار مینچی صوبوں کے مختلف علاقوں پر توپخانے سے حملے کئے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری فورسز نے بھرپور اور سرگرمی سے جوابی کارروائی کرتے ہوئے اپنی علاقائی خودمختاری کا دفاع کیا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق جمعرات کو متنازعہ سرحدی علاقوں میں کمبوڈین اور تھائی فوجیوں کے درمیان مسلح جھڑپیں شروع ہونے کے بعد سے اب تک دونوں جانب سے 30 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ ایک لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ علاقوں میں منتقل کیا گیا ہے۔
دونوں ممالک نے ایک دوسرے پر بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی اور پہلے فائرنگ شروع کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔
