لاہور: اداکار، ہدایتکار اور مصنف شمعون عباسی نے کہا ہے کہ میں آج بھی اپنی سابقہ شریک حیات سے خوش اخلاقی سے بات چیت کر سکتا ہوں، یہ عزت و احترام دونوں طرف کی کوششوں سے قائم ہوا ہے، بعض اوقات لوگ برے نہیں ہوتے، لیکن ایک دوسرے کے ساتھ نبھانا ممکن نہیں ہو پاتا۔
ایک شو میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابقہ بیویوں سے طلاقوں کی بنیادی وجہ زندگی سے مختلف توقعات تھیں۔ انہوں نے کہامیری شادیوں کی ناکامی کی سب سے بڑی وجہ یہ تھی کہ ہم زندگی سے مختلف چیزیں چاہتے تھے، میری شریک حیات زیادہ کامیابی اور مالی آسائشوں کی خواہش مند تھیں جبکہ میں وقت کے ساتھ چیزوں کے آنے پر یقین رکھتا ہوں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں اپنی سابقہ بیویوں کے بارے میں کبھی منفی بات نہیں کرتا، حمائمہ اور جویریہ دونوں نے اپنے کیریئر میں مجھ سے بہتر کامیابی حاصل کی اور میں خوش ہوں کہ وہ اپنی منزل تک پہنچیں۔ شمعون نے اپنی کوتاہی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ شاید میری غلطی یہ تھی کہ میں اپنی شریک حیات کی خواہشات کو مکمل طور پر نہ سمجھ سکا اور نہ ہی ان کی توقعات پوری کرنے کے لیے بروقت اقدامات کر سکا۔
واضح رہے شمعون عباسی کی ذاتی زندگی ہمیشہ خبروں میں رہی ہے، وہ سب سے پہلے اداکارہ جویریہ عباسی سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے، جس سے ان کی بیٹی انزالہ ہے، بعد ازاں ان کی شادی اداکارہ حمائمہ ملک سے ہوئی لیکن ایک سال میں یہ رشتہ ختم ہوگیا، ان کی تیسری بیوی جویریہ رندھاوا تھیں، جس سے ان کی ایک اور بیٹی ہے، اس وقت وہ اداکارہ شیری شاہ کے ساتھ شادی شدہ زندگی گزار رہے ہیں، اور ان کا یہ رشتہ 5 سال سے قائم ہے۔
