چینی صدر شی جن پھنگ ایکواڈور کے صدر ڈینیئل نوبوا سے بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں ملاقات کررہے ہیں-(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین کے صدر شی جن پھنگ نے بیجنگ میں ایکواڈور کے صدر ڈینیئل نوبوا سے ملاقات کی۔
شی جن پھنگ نے کہا کہ اس سال چین اور ایکواڈور کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 45 ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے اور دونوں ممالک کے تعلقات مثبت رفتار کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔
شی جن پھنگ نے کہا کہ ایکواڈور بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (بی آر آئی) کے بڑے خاندان کا حصہ بن چکا ہے۔ چین اور ایکواڈور کے درمیان آزاد تجارت کا معاہدہ طے پا چکا ہے جس کے تحت توانائی، معدنیات، بجلی اور بنیادی ڈھانچے کی تعمیر سمیت کئی شعبوں میں نتیجہ خیز تعاون ہو رہا ہے۔
شی جن پھنگ نے مزید کہا کہ چین ہمیشہ سے ایکواڈور کے ساتھ تعلقات کو ایک تزویراتی اور طویل مدتی تناظر میں دیکھتا ہے اور وہ ایکواڈور کے ساتھ جامع تزویراتی شراکت داری کو مزید آگے بڑھانے کا خواہاں ہے۔
چینی صدر نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے بااعتماد اور باعزت دوست اور مشترکہ ترقی کے شراکت دار بنیں۔ انہوں نے فریقین پر زور دیا کہ وہ کلیدی مفادات اور بنیادی خدشات میں ایک دوسرے کی حمایت جاری رکھیں اور نظم و نسق کے تجربات کا تبادلہ بڑھائیں۔
چین کے شمالی شہر تیانجن میں منعقدہ 2025 سمر ڈیووس فورم میں شرکت کے لئے چین آئے صدر نوبوا نے کہا کہ وہ چین کی ترقی کو سراہتے ہیں جو دنیا بھر کو متاثر کرتی ہے اور ایکواڈور ہمیشہ چین کی جانب سے دی گئی عظیم امداد اور تعاون کو یاد رکھے گا۔
نوبوا نے مزید کہا کہ ایکواڈور چین کے ساتھ تعلقات کو مزید گہرا کرنے اور تجارت، سائنس و ٹیکنالوجی، ثقافت، تعلیم اور نوجوانوں کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔
