اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے بجٹ کی منظوری پر اتحادی جماعتوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاہے کہ ملکی معاشی ترقی کیلئے دن رات محنت کرنی ہوگی، مثالی اتحاد ہی پاکستان کی ترقی کو یقینی بنائے گا،دشمن کیخلاف فتح سے اقوام عالم میں پاکستان کا وقار بلند ہوا، افواج پاکستان، سیاسی قیادت، عوام، سول سوسائٹی اور میڈیا نے یکجہتی سے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا۔
جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے بجٹ 2025-26ء کی منظوری کے بعد ارکان سینیٹ و قومی اسمبلی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی بھی موجود تھے ۔
وزیراعظم نے کہا کہ تمام اتحادی جماعتوں کے شکر گزار ہیں جن کی مشاورت سے عوامی امنگوں کی ترجمانی کرنیوالا بجٹ تشکیل دیا اور منظور کیاگیا۔
انہوں نے کہا کہ اب ہم سب کو مل کر پاکستان کی معاشی ترقی کیلئے دن رات محنت کرنی ہے،میرا یقین محکم ہے کہ یہی مثالی اتحاد پاکستان کی معاشی ترقی کو یقینی بنائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پر بھارت کی حالیہ بلاجواز جارحیت میں اللہ رب العزت نے ہمیں شاندار فتح سے ہمکنار کیا جس سے اقوام عالم میں پاکستان کا وقار بلند ہوا۔
انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان، سیاسی قیادت، عوام، سول سوسائٹی اور میڈیا نے یکجہتی سے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی قیادت میں سفارتی وفد نے پاکستان کاموقف دنیا پر واضح کیا اور بھارت کے پاکستان بارے ناپاک عزائم کو بے نقاب کیا۔
انہوں نے کہا کہ نہ صرف سفارتی وفد کو بین الاقوامی سطح پر پذیرائی ملی بلکہ سمندر پار مقیم پاکستانیوں نے وفد کا شاندار استقبال کیا اور پاکستان کی سفارتی و فوجی فتح پر حکومت اور افواج پاکستان کو بھر پور خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایران پر حالیہ اسرائیلی جارحیت کے دوران پاکستان نے ایرانی حکومت و برادر عوام کیساتھ ہر سطح پر یکجہتی کا اظہار کیا، جنگ کے دوران ایرانی قیادت بالخصوص صدر مسعود پزیشکیان کیساتھ مکمل رابطے میں تھا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اسرائیل ایران تنازعے کے حل سے خطے میں امن و خوشحالی کے دروازے کھلیں گے۔
