اتوار, جولائی 27, 2025
پاکستانسیکیورٹی فورسز نے افغانستان سے دارندازی کرنے والے 54 خوارج کو جہنم...

سیکیورٹی فورسز نے افغانستان سے دارندازی کرنے والے 54 خوارج کو جہنم واصل کردیا

سیکیورٹی فورسز نے پاک ، افغان سرحد پر شمالی وزیرستان میں خوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 54 خوارج کو جہنم واصل کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے حسن خیل میں کارروائی کے دوران 54 خوارج کو ہلاک کردیا جبکہ ہلاک خوارج سے بھاری مقدارمیں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق خوارج کا گروہ پاکستان میں دہشتگردی کی کارروائیوں کیلئے دراندازی کر رہا تھا اور سیکیورٹی فورسز نے غیرمعمولی پیشہ ورانہ مہارت اور تیاری سے ممکنہ تباہی کو روکا۔

بیان میں بتایا گیا کہ دہشت گردی کیخلاف مہم میں سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں ہلاک خوارج کی یہ اب تک کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز ملک کی سرحدوں کے دفاع اور دہشت گردی ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں اور اس طرح کے جراتمندانہ اورفیصلہ کن اقدامات ہمارےاجتماعی عزم کو مزید تقویت دیتے ہیں جبکہ یہ اس بات کی نشاندہی ہے کہ پاکستان دہشتگردی کیخلاف جنگ جیت رہا ہے۔

وزیر داخلہ کی پریس کانفرنس

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نے نقوی نے سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور کہا کہ آج ہمارے لیے بڑا دن ہے، سیکیورٹی فورسز کے لیے آج اہم ترین دن ہے،  26 اور 27 کی درمیانی رات کو خوارج کے لشکر کی انٹری کی اطلاع ملی تھی جو حسن خیل شمالی وزیرستان سے داخل ہو رہا تھا ، ان کو آگے آنے دیا گیا اور جب آگئے تو جوانوں نے 3 اطراف سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں 54 خوارج کو جہنم واصل کیا گیا۔

وزیر داخلہ نے بتایا کہ اطلاعات تھیں کہ ان کے آقا ان کو پاکستان میں گھسنے کا کہہ رہے تھے، خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر بارڈر پر بہت سختی کر رہے تھے۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ بھارت جو بھی قدم اٹھا رہا ہے پکڑا جاتا ہے، فتنہ الخوارج کے داخلے کی بھی ان کی کوشش تھی، خوارج کی تمام لاشیں موجود ہیں ، یہ دہشتگردی کا بہت بڑا ثبوت ہے، اس واقعہ کے بعد اور کلیئر ہوگیا پاکستان کن کی وجہ سے ان حالات سے گزر رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کامیاب آپریشن پر تمام فورسز کریڈٹ کی حقدار ہیں، ہماری کامیابیوں کو ڈی ریل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، کچھ عرصہ سے دہشتگردوں کے پاؤں اکھڑ گئے ہیں، یہ دوبارہ داخلے کی کوشش کریں گے دوبارہ پکڑیں گے اور ماریں گے، ہم تمام سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ فوج اور فورسز ایک ایک سیکنڈ کو مانیٹر کر رہی ہیں، کوئی بھی واقعہ ہوا انڈیا کو پتا چلے گا کس طرح جواب ملتا ہے،  پاکستان کے خلاف جو بھی سازش کر رہا ہے ان کے لیے کوئی معافی نہیں ، سب کا بندوبست کریں گے، ہمارے سامنے جو جو چیزیں آرہی ہیں دنیا کے ساتھ شیئر کر رہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ کارروائی ان کے لیے پیغام ہے جو پاکستانی  فورسز اور عوام پر حملہ کرتے ہیں، ہمارے پاس ثبوت ہیں کہ ان کو کس طرح پاکستان میں بھیجا گیا، بھارت نے کچھ بھی کیا تو جواب تو ملے گا، پہلگام حملہ میں ہم شفاف انکوائری کے لیے تیار ہیں مگر نیوٹرل ہو ہمیں بھارت پر اعتماد نہیں، بھارت سمجھ رہا تھا کہ جو ڈرامہ کیا سودا بیچا وہ بک گیا مگر ایسا نہیں، یہ جتنی بار کوشش کریں گے ناکام ہوں گے۔

وزیر اعظم کا ردعمل

وزیراعظم شہبازشریف نے سیکیورٹی فورسز کی ستائش اور فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

اپنے خصوصی بیان میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشتگردوں کو بر وقت روکا، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز ملکی دفاع اور دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے عزم میں غیرمتزلزل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ کامیاب کارروائیاں نشاندہی کرتی ہیں کہ پاکستان دہشتگردی کیخلاف جنگ جیت رہا ہے اور پاکستان دہشت گردوں کیخلاف اہم کامیابیاں حاصل کر رہا ہے۔

انٹرنیوز
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!