افغان عبوری حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کی فائل فوٹو۔(شِنہوا)
کابل (شِنہوا) افغان عبوری حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا ہے کہ کابل میں امریکی سفارت خانے کو دوبارہ کھولنے اور واشنگٹن میں افغان سفارت خانے کی حوالگی سمیت متعدد امور پر امریکی وفد کے ساتھ تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
العربیہ ٹی وی چینل کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں مجاہد نے کہا کہ امریکہ میں افغان سفارتخانے کی حوالگی کے لئے مذاکرات جاری ہیں۔ ہم یہ بھی چاہتے ہیں کہ امریکی سفارتخانہ اپنی سرگرمیوں کا دوبارہ آغاز کرے۔
مجاہد کا مزید کہنا تھا کہ وفد متعدد امور کے ساتھ امریکہ واپس گیا ہے اور ہم منتظر ہیں کہ واشنگٹن کیا قدم اٹھاتا ہے۔
مجاہد نے کہا کہ عبوری حکومت نے امریکہ کے ساتھ جنگ ختم کردی ہے اور وہ اس کے ساتھ مثبت تعلقات قائم کرنے سے متعلق پرعزم ہے۔
اگست 2021 میں عبوری حکومت کے اقتدار سنبھالنے کے بعد سے ایک امریکی وفد نے گزشتہ ہفتے پہلی بار کابل کا دورہ کیا ہے۔
وفد نے حکومت کے قائم مقام وزیر برائے امور خارجہ مولوی امیر خان متقی سے دوطرفہ تعلقات اور قیدیوں کے تبادلے پر بات چیت کی تھی۔
