اسلام آباد (شِنہوا) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک کی مسلح افواج کسی بھی جارحانہ عزائم کو کچلنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں اور جارحیت کے کسی بھی اقدام کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
وزیراعظم دفتر سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام اورمسلح افواج ملک کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لئے ہمیشہ تیار رہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج، پیشہ ورانہ مہارت، جدید تربیت اور ایک موثر دفاعی حکمت عملی سے لیس ہیں اور کسی بھی داخلی و خارجی چیلنج سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پا کستان نے ہمیشہ امن کو فروغ دیا ہے لیکن ہم اپنی علاقائی سالمیت کو نقصان پہنچانے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
قبل ازیں علی الصبح سکیورٹی ذرائع نے شِنہوا کو بتایا کہ پاکستان نے افغان طالبان کی تنصیبات پر فضائی حملے کئے ہیں، مختلف علاقوں میں اہم اہداف کو تباہ کیا ہے جن میں اسلحے کا ڈپو، تین افغان بٹالین اور ایک سیکٹر ہیڈ کوارٹرز شامل ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان نے یہ فضائی حملے آپریشن غضب للحق کے حصے کے طور پر کئے ہیں۔ یہ آپریشن افغان طالبان کی طرف سے پاکستانی چوکیوں پر حملوں کے بعد شروع کیا گیا ہے۔




