پاکستانی شوبز انڈسٹری سے وابستہ ماضی کی معروف جوڑی فریال گوہر اور انکے سابقہ شوہر اداکار جمال شاہ نے نجی ٹی وی چینل کی رمضان ٹرانسمیشن میں ایک ساتھ شرکت کی۔
دوران انٹرویو فریال گوہر نے نہایت وقار کیساتھ گفتگو کی مگر اپنے موقف کے اظہار میں پیچھے نہیں رہیں، انہوں نے کھل کر اپنے احساسات بیان کئے اور بعض مواقع پر واضح انداز اپنایا۔
ایک موقع پر جمال شاہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں غصے کی حالت میں اپنی چیزیں توڑ دیتا ہوں جس پر میزبان نے سوال کیا کہ کیا انہوں نے کبھی فریال گوہر کی چیزیں بھی توڑی تھیں اس پر فریال گوہر نے برجستہ جواب دیا کہ میرا کبھی کچھ تھا ہی نہیں، بعد ازاں جب ماضی کے فیصلوں سے متعلق سوال کیا گیا تو فریال گوہر نے جمال شاہ کی جانب دیکھتے ہوئے کہا کہ ان سے شادی کرنا میری زندگی کا ایک غلط فیصلہ تھا۔
پروگرام کے مختصر ویڈیو کلپس سوشل میڈیا پر وائرل ہوئے تو یہ جملہ سوشل میڈیا پر بھی توجہ کا مرکز بن گیا اور پروگرام کے اس حصے نے ناظرین کو خاصا چونکا دیا۔
پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فریال گوہر نے بتایا کہ ہماری ازدواجی زندگی میں مسائل 1987 سے ہی شروع ہو چکے تھے، جمال شاہ اپنی آزادی کو بہت اہمیت دیتے تھے اور وہ خود کو شادی کے بندھن میں محدود محسوس کرتے تھے، میں کبھی یہ نہیں سمجھتی کہ میاں بیوی ایک دوسرے کی ملکیت ہوتے ہیں اسلئے جب کسی ایک فریق کا دل رشتے میں نہ رہے تو اسے زبردستی قائم نہیں رکھا جا سکتا، میں نے جمال شاہ کے فیصلے کو سمجھا اور احترام کیساتھ علیحدگی اختیار کی۔
جمال شاہ نے بھی اعتراف کیا کہ میں خود کو شادی کیلئے موزوں انسان نہیں سمجھتا تھا اور مجھے اپنی فطری آزادی عزیز تھی۔
انہوں نے کہا میں اسلام آباد میں ایک خاتون کیساتھ ملکر آرٹ انسٹیٹیوٹ قائم کرنے کی کوشش کر رہا تھا، فریال گوہر نے مجھے مشورہ دیا تھا کہ میں اس خاتون کیساتھ کام نہ کروں حتیٰ کہ اس خاتون کی خالہ نے بھی مجھے محتاط رہنے کا کہا تھا مگر میں نے اپنی مرضی سے فیصلہ کیا بعد ازاں وہ منصوبہ کامیاب نہ ہو سکا اور اسی دوران دونوں کے درمیان موجود اختلافات شدت اختیار کر گئے جس کے بعد بالآخر ہم نے باہمی رضامندی سے علیحدگی اختیار کر لی۔
دونوں فنکاروں نے اس بات پر زور دیا کہ علیحدگی کے باوجود ہم نے کبھی ایک دوسرے سے دانستہ طور پر تعلق ختم نہیں کیا اور آج بھی ایک دوسرے کا بے حد احترام کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ فریال گوہر اور جمال شاہ کو ماضی میں شوبز کی مثالی جوڑی سمجھا جاتا تھا، تاہم 1992 میں ان کی راہیں جدا ہو گئیں جبکہ فریال گوہر 1995 میں پاکستان چھوڑ گئی تھیں۔




