بیجنگ (شِنہوا) چین کے سینئر حکام نے کام کے مقامات پر حفاظت یقینی بنانے اور جنگلات و چراگاہوں میں آگ لگنے سے بچاؤ کے لئے اقدامات کو مزید مضبوط کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
جمعرات کو بیجنگ میں کام کے مقامات پر حفاظت اور جنگلات و چراگاہوں میں آگ لگنے کی روک تھام کے بارے میں ایک قومی کانفرنس میں زور دیا گیا کہ رش والے مقامات، بلند عمارتوں اور کاروباری مقاصد کے لئے استعمال ہونے والے خود ساختہ گھروں میں آگ سے بچاؤ کو ترجیح دی جائے۔ کانفرنس میں اہم صنعتوں میں مکمل جانچ پڑتال کرنے، کسی بھی خطرے کی نشاندہی اور اصلاح کرنے اور غیر قانونی یا قواعد کے خلاف کام کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا حکم بھی دیا گیا۔
کانفرنس میں خاص طور پر نقل وحمل کی صنعت کے لئے حفاظتی اقدامات پر زور دیا گیا۔ اس کے علاوہ خصوصاً موسم بہار کے تہوار کے دوران عوام کی حفاظت اور املاک کے تحفظ کے لئے آتش بازی اور پٹاخے چلانے کے انتظام کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا گیا۔
کانفرنس میں جنگلات و چراگاہوں میں آگ لگنے کی نگرانی اور ابتدائی انتباہی نظام کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا اور آگ کے ذرائع پر سخت کنٹرول اور خطرات کو ختم کرنے کی اہمیت اجاگر کی گئی۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ (سی پی سی) کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن اور چین کے نائب وزیراعظم ژانگ گوچھنگ نے کانفرنس سے خطاب کیا۔ کانفرنس کی صدارت سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے سیکرٹریٹ کے رکن اور ریاستی کونسلر وانگ شیاؤہونگ نے کی۔




