امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ الہان عمر اور راشدہ طلیب کو امریکا سے نکال دینا چاہئے۔
اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں ڈیموکریٹ ممبران الہان عمر اور راشدہ طلیب پر تنقید کرتے ہوئے ٹرمپ نے لکھا ہے کہ سٹیٹ آف دی یونین جیسے اہم اور خوبصورت ایونٹ میں الہان عمر اور راشدہ طلیب کو بے قابو ہو کر چیختے ہوئے دیکھتے ہیں تو آپکو انکی ذہانت کا اندازہ ہوتا ہے، انکی آنکھیں بالکل پاگلوں، ذہنی طور پر الجھے ہوئے اور بیمار لوگوں کی طرح خون آلود آنکھیں تھیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے لکھا کہ جب آپکو یہ معلوم ہو کہ یہ کرپٹ سیاستدان ہیں اور آپ کے ملک کیلئے اچھے نہیں ہیں تو انہیں جلد سے جلد وہیں واپس بھیج دینا چاہئے جہاں سے یہ آئے تھے۔
انہوں نے لکھا کہ یہ لوگ صرف امریکا کو نقصان پہنچا سکتے ہیں، یہ اس ملک کی مدد کرنے کیلئے کچھ نہیں کر سکتے۔
واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے اسٹیٹ آف دی یونین خطاب کے دوران کانگریس کی 2 ڈیموکریٹ ممبرز الہان عمر اور راشدہ طلیب نے احتجاج کرتے ہوئے نعرے لگائے تھے۔
دونوں نے امریکی صدر کے خطاب کے دوران احتجاجا نعرے لگاتے ہوئے کہا کہ آپ امریکیوں کو مار رہے ہیں اور الہان عمر نے تو ڈونلڈ ٹرمپ کوجھوٹا بھی قرار دیا تھا۔




