آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے 7سال مکمل ہونے پر افواج پاکستان کی قیادت نے افسروں اور جوانوں کی جرأت، پیشہ وارانہ مہارت اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے افسران اور جوانوں کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے ان کے عزم، حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کو سلام پیش کیا ہے۔
ترجمان کے مطابق آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ 27فروری 2019ء کو بھارت کی بلااشتعال جارحیت کے جواب میں شروع کیا گیا تھا جس میں پاکستان کے اس عزم کا عملی اظہار کیا گیا کہ ملکی خودمختاری کا ہر قیمت پر دفاع کیا جائے گا۔
آپریشن کے دوران مسلح افواج نے اپنی آپریشنل صلاحیت اور تیاری کا بھرپور مظاہرہ کیا اور دشمن کی جانب سے مزید جارحیت کو موثر انداز میں روکا اور سٹرٹیجک توازن بحال کیا۔
فیلڈ مارشل اور سروسز چیفس نے اپنے پیغام میں قومی سلامتی و علاقائی امن کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج ہر خطرے کا مقابلہ کرنے کیلئے مکمل تیار، ملکی دفاع یقینی بنانے کیلئے ہمہ وقت چوکس ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلح افواج عالمی امن و استحکام کیلئے فعال کردار ادا کرتی رہیں گی۔




