چین کے جنوبی صوبے گوانگ ڈونگ میں گوانگ ژو اور ڈونگ گوان شہروں کو ملانے والے نانشا پل اور دریائے پرل کے شی زی یانگ چینل کے ساتھ چلتے جہازوں کا فضائی منظر۔(شِنہوا)
گوانگ ژو(شِنہوا)امریکن چیمبر آف کامرس ان ساؤتھ چائنہ (ایم چھیم ساؤتھ چائنہ) نے چین کے جنوبی علاقے میں کاروبار کے ماحول پر خصوصی رپورٹ جاری کی ہے جس میں ظاہر کیا گیا ہے کہ دنیا کی دوسری سب سے بڑی معیشت سرمایہ کاری کا پرکشش مقام بنی ہوئی ہے۔
اس سال کی رپورٹ سلسلہ وار 21ویں رپورٹ ہے جو چین کے جنوبی علاقے میں ترقی کے رجحانات کے بارے میں قیمتی بصیرتیں فراہم کرتے ہوئے تاجر برادری کا جامع تجزیہ فراہم کرتی ہے۔ تازہ ترین سروے میں مجموعی طور پر 316 کمپنیوں نے حصہ لیا۔
رپورٹ عالمی سرمایہ کاری ترجیحات میں چین کے نمایاں مقام کو ظاہر کرتی ہے، سروے میں شامل 58 فیصد غیر ملکی کمپنیوں نے اسے اپنی سرمایہ کاری کی 3 بہترین ترجیحات میں شامل کیا۔ 2025 کو دیکھتے ہوئے 76 فیصد کمپنیاں چین میں دوبارہ سرمایہ کاری کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں جن میں قابل ذکر 74 فیصد امریکی کمپنیاں دوبارہ سرمایہ کاری کی منصوبہ بندی کر رہی ہیں، جو گزشتہ سال سے 11 فیصد پوائنٹس زیادہ ہیں۔
سروے میں شامل زیادہ تر کمپنیاں امریکہ،چین اور یورپی یونین سے تعلق رکھتی ہیں۔ان میں نصف سے زائد کمپنیاں مکمل طور پر غیر ملکی ملکیتی ہیں اور 30 فیصد سے زائد کمپنیاں امریکی سرمایہ کاری پر مبنی ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا کہ چین سے اپنی 60 فیصد سے زائد عالمی آمدن پیدا کرنے والی کمپنیوں کی شرح 5فیصد پوائنٹس کے اضافے سے مجموعی طور پر 31 فیصد ہوگئی۔
ایگزون موبل چائنہ ملک پر غیر ملکی سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا ثبوت ہے جس نے حال ہی میں گوانگ ڈونگ کے شہر ہوئی ژو میں پٹرو کیمیکل کے نئے منصوبے میں آزمائشی پیداوار کا آغاز کیا ہے۔ اس کے علاوہ کمپنی عالمی صارفین کی معاونت کی غرض سے اپنی تحقیق اور ترقی میں اضافے کے لئے صوبے میں جدید ٹیکنالوجی مرکز بھی قائم کرے گی۔
