بیجنگ بلدیاتی تجارتی بیورو کے مطابق بیجنگ میں 2024 کے دوران غیرملکی سرمایہ کاری سے 2ہزار12 نئے کاروباری ادارے قائم ہوئے ہیں۔(شِنہوا)
بیجنگ (شِنہوا) بیجنگ میں 2024 کے دوران غیرملکی سرمایہ کاری سے 2 ہزار 12 نئے کاروباری ادارے قائم ہوئے جو کہ گزشتہ برس کی نسبت 16.4 فیصد زائد ہے۔
بیجنگ بلدیاتی تجارتی بیورو کے ڈپٹی ڈائریکٹرگو وین جائی نے کہا ہے کہ یہ شرح نمو قومی اوسط سے 6.5 فیصد پوائنٹس زیادہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دارالحکومت نے گزشتہ برس سے کاروبار دوست اقدامات کے ایک سلسلے پر عملدرآمد شروع کیا ہے، اس میں سرمایہ کاری کی سہولت کو بہتر بنانا، غیر ملکی سرمایہ کاری سے متعلق قوانین متعارف کرانا، غیر ملکی سرمایہ کار اداروں کے ساتھ گول میز اجلاسوں میں اضافہ اور ان کی ضروریات کو فعال انداز سے پورا کرنا شامل ہیں۔
گو نے کہا کہ ہم ویلیو ایڈڈ ٹیلی مواصلات اور صحت جیسے شعبوں میں کھلے پن کی پالیسیوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مزید اہم سرکاری منصوبوں میں غیرملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بیجنگ اپنی شراکت داری کی عالمی خدمات کو مستحکم کرتا رہے گا اور غیر ملکی سرمایہ کاری کی قانونی حیثیت اور معیار کو بڑھائے گا۔
شہر تجارتی ضابطوں میں اصلاحات کا نیا دور شروع کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ خدمات میں سرحد پار تجارت کے لئے منفی فہرست کا نظام قائم کیا جائے گا اور غیر ملکی تجارت اور غیر ملکی سرمایہ کاری دونوں کو مضبوط بنانے کے لئے کام کیا جائے گا۔
