امریکا کی جانب سے ایران پر بڑے فوجی حملے کیلئے کسی خلیجی ملک کی سرزمین کے استعمال کے امکان پر متحدہ عرب امارات کا ردعمل سامنے آگیا ہے جس میں امارات نے ایران پر حملے کیلئے اپنا ایئربیس اور بحری اڈے دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی کو ہماری سرزمین ایران کیخلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات نے ایک بیان میں واضح کیا ہے کہ ہماری فضائی حدود، زمینی علاقے یا سمندری پانیوں کو ایران پر فوجی کارروائی کیلئے استعمال نہیں ہونے دینگے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ایران پر حملے کی صورت میں کسی کو بھی لاجسٹک سپورٹ یعنی فوجی سامان، سہولت یا مدد بھی فراہم نہیں کی جائیگی۔
متحدہ عرب امارات نے زور دیا کہ موجودہ بحران کا حل صرف اور صرف کشیدگی میں کمی، مذاکرات، بین الاقوامی قانون کی پابندی اور ریاستوں کی خودمختاری کے احترام میں ہے۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا نے جنگی جہاز بردار طیارہ بردار بحری بیڑے کو خلیجی پانیوں میں بھیجا ہے۔




