چینی وزیر اعظم لی چھیانگ دارالحکومت بیجنگ میں دوسری چائنہ انٹرنیشنل سپلائی چین ایکسپو(سی آئی ایس سی ای) میں شرکت کرنے والی کمپنیوں اور اداروں کے نمائندوں کے ہمراہ سمپوزیم میں شریک ہیں-(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا) چینی وزیراعظم لی چھیانگ نے کہا ہے کہ چین مستحکم اور بلا روک ٹوک عالمی صنعتی اور ترسیلی ذرائع یقینی بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات کرتا رہے گا۔
لی چھیانگ نے چائنہ انٹرنیشنل سپلائی چین ایکسپو میں شرکت کرنے والی کمپنیوں اور اداروں کے نمائندوں کے ہمراہ ایک سمپوزیم میں شرکت کی۔سمپوزیم میں ایپل انکارپوریشن،رئیو ٹنٹو،کنٹمپریری امپیریکس ٹیکنالوجی کمپنی لمیٹڈ اور امریکہ-چین تجارتی کونسل اور دیگر کمپنیوں کے نمائندے شریک تھے۔
کاروباری نمائندوں نے چینی معیشت پر مکمل اعتماد اور چینی منڈی کے وسیع مواقع کے حوالے سے اچھی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ چین میں غیر ملکی کمپنیاں اپنی سرمایہ کاری بڑھانے کی خواہشمند ہیں۔ کمپنیاں ملک میں اپنی ترقی مستحکم کرنا چاہتی ہیں،عالمی صنعتی اور ترسیلی ذرائع میں تعاون مضبوط کر کے باہمی طور پر مفید نتائج حاصل کرنا چاہتی ہیں۔
لی چھیانگ نے کہا کہ معاشی عالمگیریت میں گہری ترقی سے گزشتہ چند دہائیوں میں عالمی صنعتی اور ترسیلی ذرائع میں بتدریج توسیع ہوئی ہے۔اس سے عالمی معیشت کی تیزتر ترقی کو فروغ ملا ہے اور تمام شراکت داروں کو فائدہ حاصل ہوا ہے۔
چینی وزیر اعظم نے کہا کہ عالمی معاشی ترقی میں اب رفتار کا فقدان ہے۔بعض تحفظ پسندانہ اقدامات اور تحفظ کے تصور کے پھیلاؤ پر مبنی اقدامات عالمی صنعتی اور ترسیلی ذرائع کو مسلسل نقصان پہنچا رہے ہیں،کاروباری لاگت بڑھا رہے ہیں،معاشی استعداد محدود کر رہے ہیں اور مشترکہ ترقی میں رکاوٹ ڈالنے کا باعث ہیں۔
لی نے کہا چین جدید صنعتی نظام کی تشکیل تیز کرے گا اور عالمی صنعتی اور ترسیلی ذرائع کے موثر کام کے لئے ٹھوس معاونت فراہم کرے گا۔
چینی وزیر اعظم نے کہا کہ چین اعلیٰ معیار کی وسعت کو فروغ دے گا،منڈی تک رسائی مزید بڑھائے گا اور ملک میں صنعتی تعاون میں کردار ادا کرنے کے لئے مزید غیر ملکی کمپنیوں کا خیر مقدم کرے گا۔
