چین کے شمال مشرقی صوبہ حئی لونگ جیانگ کے شہر چھی چھہار میں برفباری کے دوران ایک شخص بچے کو گود میں اٹھائے جا رہا ہے۔(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا) چین کے محکمہ موسمیات نے منگل کے روز برفانی طوفان اور سردی کی شدید لہر کے پیش نظر ییلو الرٹ برقرار رکھا ہے اور ملک کے کچھ حصوں میں برفانی طوفان اور درجہ حرارت تیزی سے گرنے کی پیش گوئی کی ہے۔
نیشنل میٹرولوجیکل سنٹرکے مطابق منگل کی دوپہر 2بجے سے بدھ کی دوپہر2بجے تک اندرونی منگولیا،حئی لونگ جیانگ، جی لِن اور شان ڈونگ کے بعض حصوں میں برفانی طوفان آئے گا۔ بعض علاقوں میں 15سینٹی میٹرسے زیادہ برفباری کاامکان ہے۔
اس کے علاوہ مرکز نے پیش گوئی کی ہے کہ چین کے شمال مشرقی علاقے کے بیشتر حصوں اور شانڈونگ، ژے جیانگ اور فوجیان صوبوں کے بعض علاقوں میں منگل کی دوپہر 2 بجے سے جمعرات کی صبح 8 بجے تک شدید سردی پڑے گی۔
چین کے شمال مشرقی صوبوں حئی لونگ جیانگ، جی لِن اور لیاؤننگ میں درجہ حرارت 12 سے 16 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کا امکان ہے۔
مرکز نے پیدل چلنے والوں اور ڈرائیوروں کو برفانی موسم کے دوران زیادہ محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے۔
چین میں موسم کے انتباہ کا نظام چار سطح پر مشتمل ہے جس میں سرخ رنگ سب سے زیادہ شدید موسم کی نمائندگی کرتا ہے، اس کے بعد نارنجی، زرد اور نیلے رنگ کا موسم ہے۔
