مصر کے صوبے احمرکے علاقے مارسا عالم میں بحیرہ احمر میں کشتی ڈوبنے کے مقام کے قریب کارکن امدادی کاموں میں مصروف ہیں-(شِنہوا)
قاہرہ(شِنہوا)مصر کے صوبہ احمر کے گورنر امر حنفی نے کہا ہے کہ بحیرہ احمر میں ایک کشتی ڈوبنے سے 4 مصری اور 12 غیر ملکی باشندے لاپتہ ہوگئے ہیں۔
امرحنفی نے ایک بیان میں کہا کہ مجموعی طور پر 28 افراد کو بچا لیا گیا ہے اور ان کی صحت "اچھی ہے” جبکہ سرچ آپریشن اور واقعے کی تحقیقات اب بھی جاری ہیں۔
امر حنفی کے مطابق کشتی میں 44 مسافر سوار تھے جن میں 13 مصری اور31 افراد کا تعلق جرمنی، برطانیہ، امریکہ، پولینڈ، بیلجیئم، سوئٹزرلینڈ، فن لینڈ، چین، سلوواکیا، سپین اور آئرلینڈ سے تھا۔
اس سے قبل پیر کے روز مصر میں چینی سفارت خانے نے ایک بیان میں کہا تھا کہ 2 چینی سیاحوں کو جائے حادثہ کے قریب سے گزرنے والے بحری جہازوں نے بچا لیا ہے۔ سفارت خانے نے دونوں سیاحوں سے رابطہ کیا ہے، جن کی صحت اچھی بتائی جا رہی ہے۔
امر حنفی نے مزید بتایا کہ کشتی میں کوئی تکنیکی نقص نہیں تھاتاہم سمندر کی ایک بڑی لہر کشتی سے ٹکرائی جس سے وہ الٹ گئی ۔
مصری حکام کا کہنا ہے کہ یہ کشتی اتوار کے روز مارسا عالم کی غالب بندرگاہ سے روانہ ہوئی تھی اور اسے جمعہ کے روز ہرغدہ مرینا پہنچنا تھا۔
