وزیر اعلی خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے ہنگو بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم اپنے بہادر سپاہیوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی، واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، ملوث عناصر کو ہر صورت سزا دی جائے گی۔
اتوار کو وزیر اعلی خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے سابق وزیر داخلہ اور رکن قومی اسمبلی شہریار خان آفریدی کی رہائش گاہ کا دورہ کیا۔
وزیر اعلی نے ہنگو بم دھماکے میں شہید ہونے والے شہریار آفریدی کے کزن اور ایس ایس پی آپریشن ہنگو، شہید اسد زبیر آفریدی کی شہادت پر فاتحہ خوانی کی اور لواحقین سے دلاسہ اور تعزیت کا اظہار کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بزدلانہ حملے سی ٹی ڈی اور پولیس کے حوصلے پست نہیں کر سکتے، اور شہید ایس پی آپریشنز اور دو پولیس اہلکاروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
وزیراعلی نے کہا کہ امن کے قیام کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور شہید اہلکاروں کے ایصال ثواب کے لیے دعا کی جبکہ لواحقین کے لیے صبر جمیل کی درخواست بھی کی۔
انہوں نے آئی جی پولیس سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے اور امن و امان کی صورتحال پر اپیکس کمیٹی کا اجلاس بھی طلب کیا ہے۔




