لاؤس کے دارالحکومت وینتیان میں دریائے می کونگ کا رات کامنظر-(شِنہوا)
کونمنگ(شِنہوا)چین، لاؤس، میانمار اور تھائی لینڈ کے قانون نافذ کرنے والے حکام نے دریائے می کونگ کے گرد اپنی 157 ویں مشترکہ گشت کی مہم شروع کردی ہے تاکہ سرحد پار جرائم کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔
منگل کی صبح تقریباً 9 بجے چین کے قانون نافذ کرنے والے 2 جہاز چین کے جنوب مغربی صوبے یون نان کی جِنگ ہا بندرگاہ سے روانہ ہوئے جو اس مربوط مشن کا آغاز تھا۔
میانمار کے گشت کرنے والے 2 جہاز بھی 157 ویں مشترکہ گشت میں شامل ہیں۔ اس مشن کا مقصد سرحد پار جرائم جیسے آن لائن جوا، ٹیلی کام فراڈ، منشیات کی پیداوار اور سمگلنگ کو روکنا ہے تاکہ آبی گزرگاہوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔
گشت کے دوران چاروں ممالک کے قانون نافذ کرنے والے ادارے لاؤس کے شہر موآنگ مو میں ایک اجلاس کریں گے جہاں وہ لان کانگ-می کونگ دریائی علاقے کی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیں گے، کیسز کی معلومات پر بات چیت اور آئندہ ترجیحی تعاون کے منصوبے بنائیں گے۔
دریائے می کونگ، جو چین میں لان کانگ دریا کے نام سے جانا جاتا ہے، سرحد پار جہاز رانی کے لئے ایک اہم آبی راستہ ہے۔ چین، لاؤس، میانمار اور تھائی لینڈ دسمبر 2011 سے دریا کے مشترکہ گشت کر رہے ہیں۔
