اسلام آباد: عدالت سے بری ہونے پر مخالفین نے فائرنگ کر کے 2 افراد کو قتل کردیا۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کچہری کے سامنے دیرینہ دشمنی پر مخالفین کی فائرنگ سے عدالت سے بری ہونیوالے 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق دو ملزمان سید تفسیر حیدر اور نذیر کو 713/24 کے کیس میں عدالت میں پیش کیا گیا، عدالت سے بری ہونے پر مخالفین نے جی 11 سروس روڈ پردونوں پر فائرنگ کردی جس سے ایک شخص موقع پر جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا جسے فوری ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گیا۔
دوسری جانب آئی جی اسلام آباد نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فائرنگ کرنیوالے ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ترجمان پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لئے گئے ہیں، جلد ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔
