اتوار, جولائی 27, 2025
تازہ ترینوزیراعظم کی فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات،غزہ صورتحال پر تبادلہ خیال

وزیراعظم کی فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات،غزہ صورتحال پر تبادلہ خیال

نیویارک: وزیراعظم شہباز شریف نے غزہ میں فوری جنگ بندی، آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کے ہاتھوں فلسطینیوں کی نسل کشی روکنا ہوگی،بربریت کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، معاملے کو طوالت دینے سے دنیا کا امن تباہ ہوسکتا ہے،فلسطینیوں کی قربانیاں، صبر رائیگاں نہیں جائے گا،جلد آزاد فلسطین کا قیام ہو گا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحد ہ کی جنرل اسمبلی کے 79 ویں اجلاس کے موقع پر نیو یارک میں فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات کی جس میں غزہ کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم  نے کہاکہ اسرائیل غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی اور بربریت کامظاہرہ کر رہاہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کے دل فلسطینی بھائیوں کیساتھ دھڑکتے ہیں، پاکستان نے ہمیشہ فلسطینی بھائیوں کی ہر ممکن مدد کی ہے، عالمی فورمز اور عالمی برادری کیساتھ رابطوں میں پاکستان نے فلسطین کی مکمل حمایت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وقت آگیاہے کہ ہم سب متحد ہو کر غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کریں۔انہوں نے کہاکہ آزاد فلسطین کے بغیر خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات میں فلسطینی حکومت اور فلسطینی بھائیوں کیساتھ اظہاریکجہتی کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال سے غزہ میں اسرائیلی بربریت، نسل کشی اور ظلم و ستم جاری ہے، اب تک نوجوان، بچوں، بزرگوں سمیت41ہزار فلسطینیوں کو شہید کیا جاچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسرائیلی بربریت کی شدید مذمت کرتا ہے،فلسطین میں کئی شہر، قصبے، دیہات، سکول اور ہسپتال تک ملیامیٹ کر دیئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیلی اقدام نسل کشی اور بربریت کی خوفناک مثالیں ہیں جن کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہاکہ اب وقت آگیا ہے کہ ہمیں متحد ہو کر غزہ جنگ بندی اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ کرنا چاہئے،اس کے بغیر خطے میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ صورتحال کچھ وقت کیلئے برقرار رہی تو یہ نہیں بھولناچاہئے کہ اس سے دنیا کا امن تباہ ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینی بھائیوں کی قربانیاں، صبر اور استقامت رائیگاں نہیں جائے گا،ایک وقت آئے گا کہ آزاد فلسطین کا قیام ہوگا۔

اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے فلسطینی صدر محمود عباس نے کہا کہ پاکستان 1948 سے آج تک فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے،پاکستان کیلئے جتنا ممکن ہوا فلسطینی بھائیوں کی مدد کی جبکہ عالمی برادری کے سامنے بھی پاکستان نے ہمیشہ فلسطین کی مکمل حمایت کی ہے۔

انٹرنیوز
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!