راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے سلمان اکرم راجہ سے تلخ کلامی کی تردید کرتے ہوئے فیملی کا حصہ قرار دے دیا۔
راولپنڈی اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ سلمان اکرم راجہ سے میری کوئی تلخ کلامی نہیں ہوئی، ان کا اپنا کوئی مسئلہ ہوگا، ضمنی انتخابات کا ایشو ہے، میرا خیال ہے ان سے ہی پوچھیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہمارے وکیل ہیں اور ہماری فیملی کی طرح ہیں۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ مجھے سمجھ نہیں آئی میرے بچوں کو کیوں اٹھایاگیا، شاہریز خان بزنس کرتا ہے، سپورٹس میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے انہوں نے کہا کہ گرفتاریوں سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا،مجھے بھی گرفتار کرلیں، یہ خوفزدہ ہیں بچوں سے ڈر گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بانی کا پیغام اگر فیملی کے ذریعے دیا جاتا ہے تو وہ بانی کا موقف ہوتا ہے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عظمی خان نے کہا کہ ضمنی انتخاب پر تنازع ہے تو پارٹی بتائے گی، ہماری جب ملاقات ہوئی تو بانی نے واضح طور پر بتایا تھا ضمنی الیکشن نہیں لڑنا۔
انہوں نے کہا کہ بانی نے کہا تھا الیکشن میں جانے سے پارٹی کو نقصان ہو گا اس کا فائدہ نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بانی نے کہا تھا یہ ہمیں جیتنے نہیں دیں گے مرضی کے لوگوں کو جتائیں گے، اگر ہم الیکشن میں جائیں گے تو ناجائز نااہلیوں کو جواز مل جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بانی نے پارٹی کو تحریک پر توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت کی تھی۔
