انگولا کے دارالحکومت لوانڈا میں ہوا وے ڈے انگولا کی تقریب کا منظر-(شِنہوا)
لوانڈا(شِنہوا)انگولا کے دارالحکومت لوانڈا میں ہواوے کی معاونت سے قائم دوسرے سمارٹ کلاس روم کا باضابطہ افتتاح ہوگیا جس کا مقصد ملک میں جدید، جامع اور معیاری تعلیم تک رسائی کو فروغ دینا ہے۔
ہواوے کے جدید آئیڈیا ہب نظام اور دیگر ذہین تدریسی آلات سے لیس کلاس روم ہواوے انگولا کے تحت شروع کردہ بڑے جدید تعلیمی آزمائشی منصوبے کا حصہ ہے۔
یہ سمارٹ کلاس روم نظام 250 منسلک کلاس رومز کی معاونت کرتا ہے اور آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے 1ہزار 400 طلبہ کو تعلیم فراہم کرسکتا ہے۔ مستقبل میں اس میں اے آئی سے معاون تدریس، ڈیجیٹل مواد کی لائبریریاں اور پرتگالی اور انگریزی زبان میں کثیر لسانی وسائل شامل کئے جائیں گے۔
انگولا کی خاتون اول اینا ڈیاس لورینکو نے افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم صرف ایک کلاس روم کا افتتاح نہیں کر رہے۔ ہم امکانات کا افتتاح کر رہے ہیں، ایسے راستے کا افتتاح کر رہے ہیں جو میرے اس یقین کو مضبوط کرتا ہے کہ تعلیم مربوط اور پائیدار ترقی کے لئے سب سے طاقتور ذریعہ ہے۔
ہواوے انگولا کے سی ای او ہو چھیانگ نے کہا کہ یہ منصوبہ انگولا میں ڈیجیٹل خلا کو کم کرنے اور تعلیم میں مساوی مواقع کو فروغ دینے کے لئے ہواوے کے طویل مدتی عزم کا مظہر ہے۔
انگولا میں طویل عرصے سے موجودگی رکھنے والی سرکردہ چینی ٹیکنالوجی کمپنی کے طور پر ہوا وے چین-انگولا دوستی اور باہمی فائدے پر مبنی تعاون کے جذبے کے تحت ڈیجیٹل تبدیلی اور تعلیمی اقدامات کے ذریعے مقامی ترقی کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔
