وزیراعظم شہباز شریف نے منشیات استعمال و غیر قانونی سمگلنگ کی روک تھام کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی تعاون کے بغیر منشیات چیلنج سے نمٹنا ممکن نہیں ،حکومت ناسور خاتمے کیلئے بھرپور عزم کیساتھ سخت اقدامات اٹھانے کیلئے سرگرم عمل ہے۔منشیات کے استعمال و غیر قانونی سمگلنگ کیخلاف عالمی دن پر جاری بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ ہر سال 26جون کو منشیات لعنت روک تھام کیلئے عالمی عزم کا اعادہ کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات استعمال و غیر قانونی سمگلنگ کیخلاف عالمی دن 2025کیلئے ‘زنجیر کو توڑنا سب کیلئے احتیاط اور بحالی’ کا موضوع ہمیں یاد دلاتا ہے کہ منشیات ایک عالمی چیلنج ہے اور عالمی تعاون کے بغیر اس سے موثر طریقے سے نہیں نمٹا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اس چیلنج سے پوری طرح آگاہ ہے اور انسداد منشیات فورس کے ذریعے اس لعنت کو ختم کرنے کیلئے بھرپور عزم کیساتھ سخت ترین اقدامات اٹھانے کیلئے سرگرم عمل ہے، تاہم ان کوششوں کیلئے فرد، کمیونٹی، معاشرے پر مشتمل اجتماعی عزم کی ضرورت ہے تاکہ مربوط عمل اور کوششوں سے عالمی سطح پر منشیات کے استعمال کو ختم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کی غیرقانونی سمگلنگ اور آسان رسائی بے پناہ انسانی تکلیف کا سبب بنتی ہے، منشیات کا استعمال نہ صرف انسانی صحت کیلئے نقصان دہ ہے بلکہ اس سے متاثرہ شخص اور اس کے خاندان کی ساکھ بھی مجروح ہوتی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں میں منشیات استعمال اور اس کے نیٹ ورک بارے آگاہی ضروری ہے تاکہ روک تھام صحت اور معاشرے کیلئے اس خطرے کو ختم کرنے میں وسیع تر کردار ادا کر سکے۔ انہوںنے کہا کہ منشیات کے استعمال کے متاثرین کے علاج اور بحالی کی خدمات کیلئے حکومتی اداروں، سول سوسائٹی اور متاثرہ خاندان کی سطح پر مربوط تعاون پر مبنی حکمت عملی بھی درکار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے ان نیٹ ورکس کا تعاقب کرتے ہوئے نہ صرف اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا بلکہ منشیات سے پاک پاکستان کے مقصد کے حصول کے لیے انتھک محنت بھی کی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ منشیات استعمال و غیر قانونی سمگلنگ کے خلاف عالمی دن پر آئیے ہم اپنے اس اجتماعی عزم اور غیر متزلزل وابستگی کا اعادہ کریں کہ یہ منظم جرم ہماری عالمی ذمہ داریوں، قومی قانونی ڈھانچے اور معاشرتی اقدار میں قطعی طور پر ناقابل قبول ہے۔
