اتوار, جولائی 27, 2025
انٹرنیشنلچینی مندوب کا شام سے اقتدار کی جامع منتقلی آگے بڑھانے اور...

چینی مندوب کا شام سے اقتدار کی جامع منتقلی آگے بڑھانے اور دہشت گردی کا مقابلہ کرنے پر زور

اقوام متحدہ میں چین کے مستقل مندوب فو کانگ (سامنے درمیان میں) نیو یارک میں اقوام متحدہ کے صدر دفترمیں امن کے دوستوں کے گروپ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے ہیں۔(شِنہوا)

اقوام متحدہ(شِنہوا) چین کے مندوب نے  شام کے عبوری حکام پر زور دیا ہے کہ وہ اقتدار کی جامع منتقلی کے عمل کو آگے بڑھائیں اور دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لئے فیصلہ کن اقدامات کریں۔

اقوام متحدہ میں چین کے مستقل مندوب فو کانگ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شام کے عبوری حکام نے ساحلی علاقوں میں شہریوں کے انسانیت سوز اور ناقابل برداشت سفاکانہ قتل عام کے بعد ایک ماہ کی آزادانہ تحقیقات شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس سلسلے میں پیشرفت پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور ہم امید کرتے ہیں کہ شام کے عبوری حکام شفاف اور ذمہ دارانہ انداز میں اپنا کام انجام دیں گے، جو ملک میں سیاسی منتقلی کی ساکھ کے بارے میں بین الاقوامی برادری کے جائزے کے لئے اہم ہے۔

انسانی حقوق کے بارے میں شام کے مبصرین کے مطابق 6 مارچ سے مغربی شام کے لاطقیہ اور طرطوس صوبوں میں بڑے پیمانے پر ہونے والے تشدد میں تقریباً 1500 افراد ہلاک ہوئے جن میں ایک ہزار سے زائد عام شہری بھی ہیں۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے شہریوں کے قتل عام کی مذمت کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ تمام شامیوں کو بلا امتیاز تحفظ فراہم کرے۔

دریں اثنا فوکانگ نے کہا کہ چین نے سیاسی منتقلی کو آگے بڑھانے کے لئے حالیہ اقدامات کا نوٹس لیا ہے اور حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے وعدوں کو سنجیدگی سے پورا کرے اور حقیقی جامعیت کے حصول کے لئے ملک کے تمام شعبوں کے ساتھ وسیع مکالمہ اور مشاورت کرے۔

چینی مندوب نے شام میں دہشت گردی کے نئے خطرات پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کی بنیادی حد کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

فوکانگ نے کہا کہ شام کی صورتحال میں تبدیلی کے بعد ادلب میں غیر ملکی دہشت گرد جنگجو ملک بھر میں پھیل گئے ہیں، جو شام کے عوام اور علاقائی و بین الاقوامی امن کے لئے فوری خطرہ ہیں، وہ ساحلی علاقوں میں شہریوں کے ساتھ بدسلوکی اور قتل میں ملوث رہے ہیں۔ یہ شام میں دہشت گرد قوتوں کے خلاف انتہائی چوکس رہنے کی ضرورت کی ایک اور یاد دہانی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم عبوری حکام پر زور دیتے ہیں کہ وہ انسداد دہشت گردی کی اپنی ذمہ داریاں پوری کریں اور ایسٹ ترکستان اسلامک موومنٹ سمیت سلامتی کونسل کی فہرست میں شامل تمام دہشت گرد تنظیموں سے نمٹنے کے لئے فیصلہ کن اقدامات کریں۔

چینی مندوب نے شام کے خلاف اسرائیل کے فضائی حملوں کی مذمت کی اور اس پر زور دیا کہ وہ بلاتاخیر شام کی سرزمین سے دستبردار ہوجائے۔

شنہوا
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!